ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے لاہورمیٹروبس منصوبے کو کرپشن سے پاک قراردیدیا

ویب ڈیسک  بدھ 13 مارچ 2013
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو عمران خان،قمرزمان کائرہ اورچوہدری پرویزالہیٰ کی جانب سے اس منصوبے کے حوالے سے کرپشن کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے، فوٹو:فائل

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو عمران خان،قمرزمان کائرہ اورچوہدری پرویزالہیٰ کی جانب سے اس منصوبے کے حوالے سے کرپشن کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے، فوٹو:فائل

لاہور: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے  میٹروبس منصوبے کو کرپشن سے پاک قراردے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹرانسپرنسی  انٹرنیشنل نے ڈی جی ایل ڈی اے کے نام خط میں کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبہ قواعد کے مطابق ہے اور 26.630 ارب کے30 ٹھیکے بھی نیلامی کےذریعےدیئےگئے تھے جبکہ ٹر انسپرنسی  انٹرنیشنل نے ان تمام رپورٹس اور دستاویزات کا جائزہ لیا جو آئی جی اے کی طرف سے نیب اور دیگر اداروں کو پہنچائی گئیں تھیں ، ان رپورٹس اور دستاویزات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپرنسی نے اپنی رپورٹ  میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے میٹرو بس سروس کے لئے جو ٹھیکے دئیے وہ تمام کے تمام پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2009 مطابق ہیں ، اور تمام  پراجیکٹس  میں کوئی گھپلا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ اسکیم، سولر لیمپس اور میٹرو بس پراجیکٹ کے آڈٹ کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ کیا تھا جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر اطلاعات قمر زماں کائرہ اور چیئرمین تحریک انصاف  عمران خان کی طرف سے پنجاب حکومت کے خلاف میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے عائد کیے جانے والے الزامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ مطلوبہ تفصیلات 7 یوم کے اندر فراہم کردی جائیں تاکہ ان کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جاسکے لیکن ٹرانسپرنسی کواس حوالے سے عمران خان اورپرویزالٰہی کی جانب  سےکوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔

دوسری جانب نیب نے ان منصوبوں کو قواعد کے برعکس بنانے کی اطلاعات پر تحقیقات شروع کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے  تمام دستاویزات طلب کرلی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔