ڈکٹر اسد عثمان کا بہیمانہ قتل اسپتالوں میں آج یوم سوگ منایاجائے گا

صبح میں صرف او پی ڈی کھلے گی، تعزیتی ریفرنس عباسی شہید اسپتال میں ہوگا.


Staff Reporter March 20, 2013
ڈاکٹر اسدعثمان شفیق فزیشن تھے،پروفیسرو قار کاظمی، ڈاکٹر ثمرینہ ودیگرکی تعزیت. فوٹو: فائل

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی کے سینئررکن واسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد عثمان کے بہیمانہ قتل کے خلاف آج(بدھ کو) عباسی شہید اسپتال، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سمیت دیگر اسپتالوں میں یوم سوگ منایاجائے گا۔

صبح میں صرف او پی ڈی کھلے گی جبکہ شعبہ حادثات میں آنے والے مریضوںکو طبی امداد فراہم کی جائے گی، تاہم دیگر تمام شعبہ جات سوگ میں بندرکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر وقار کاظمی سمیت دیگرارکان فیکلٹی نے بدھ کواحتجاجاً کالج میں تدریسی عمل کو معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

بلدیہ عظمی کے ماتحت دیگر اسپتالوں میں بھی یوم سوگ اور پرامن احتجاج منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملہ بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیںگے،پروفیسراسدعثمان کوٹارگٹ کرکے قتل کیے جانے کے خلاف عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر ندیم راجپوت ،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل واراکان فیکلٹی، ڈاؤیونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمیدخاں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کی صدرڈاکٹر ثمرینہ ہاشمی ،ڈاکٹر حبیب سومرو اور سندہ ڈاکٹرزاتحادکی جانب سے ڈاکٹر اسد عثمان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بدھ کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔



ڈاکٹر اسد عثمان کے قتل کیخلاف تعزیتی ریفرنس عباسی شہید اسپتال میں ہوگا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ اورسندہ ڈاکٹرز اتحادکے بلائے گئے مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمرینہ ہاشمی اورڈاکٹر محمدعلی تھلہو نے کہا کہ ڈاکٹرزکا قتل روزکا معمول بن چکا ہے۔

شعبہ طب سے وابستہ ماہرین کا کہنا تھا کہ کراچی کی انتظامیہ مفلوج ہوچکی ہے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اورسندہ ڈاکٹرز اتحاد موجودہ ناکام حکومت کے خاتمے پر یوم نجات اورڈاکٹر اسد عثمان کے قتل پر یوم سیاہ آج منایاجائے گا، اجلاس میں ڈاکٹر اسد عثمان کے قتل کے خلاف جنرل باڈی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔