بالی ووڈ کے ستاروں کا سنجے دت سے اظہاریکجہتی اور سزا پر دکھ کا اظہار

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مارچ 2013
سنجے دت کو گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے ممبئی میں 1993 میں ہوئے کئی بم دھماکوں میں مجرموں کی معاونت کرنے پر 5 سال قید کی سزا سنائی گئی فوٹو : اے ایف پی/ فائل

سنجے دت کو گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے ممبئی میں 1993 میں ہوئے کئی بم دھماکوں میں مجرموں کی معاونت کرنے پر 5 سال قید کی سزا سنائی گئی فوٹو : اے ایف پی/ فائل

ممبئی: بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے سنجے دت کو سزا سنائے جانے کے فیصلے کے بعد بالی ووڈ کے کئی فنکاروں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ اور بھارتی پارلیمنٹ کی رکن جیا بچن نے اس حوالے سے کہا کہ سنجے دت گزشتہ کچھ سالوں میں کافی کچھ برداشت کر چکے ہیں، سنجے دت اب بدل چکے ہیں اور انہیں اب اتنی سخت سزا نہیں سنائی جانی چاہئے تھی۔ جیا بچن نے کہا کہ وہ دہلی کے گورنر سے سنجے دت کے لئے معافی کی درخواست بھی کریں گی۔

آسکر ایوارڈ یافتہ میوزک کمپوزر اے آر رحمان نے کہا کہ سنجے دت کو سزا سنائے جانے کا فیصلہ ان کے لئے کافی حیران کن تھا، میں امید کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے حق میں بہتر کرے۔ ہدایت کار کرن جوہر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ سنجے دت کی سزا کے بارے میں سن کر میں کافی پریشان ہوں، سنجے ایک بہت اچھے انسان ہیں اور وہ اس کے حق دار نہیں تھے۔

رجنی کانت نے کہا کہ سنجے دت کی حمایت میں اٹھنے والی آوازیں اور ان کے لئے معافی کی اپیل سے وہ امید کرتے ہیں کہ کوئی حل ضرور نکل آئے گا، انہوں نے کہا کہ وہ سنجے دت کے لئے دعا گو رہیں گے۔ پریانکا چوپڑا نے اس حوالے سے کہا کہ سنجو سر بالی ووڈ انڈسٹری کا ایک اہم حصہ ہیں، میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے اور مجھے سزا دینے کے فیصلے پر بہت دکھ ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ سنجے دت کو گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے ممبئی میں 1993 میں ہوئے کئی بم دھماکوں میں مجرموں کی معاونت کرنے پر 5 سال قید کی سزا سنائی گئی، سنجے دت اسی مقدمے میں 18 ماہ جیل میں گزار چکے ہیں جس کے بعد اب انہیں ساڑے 3 سال مزید جیل میں گزارنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔