امریکا کو اب کسی بھی ملک پرڈرون حملہ کرنے کیلئے فوجی اڈے کی ضرورت نہیں ہوگی

امریکی اسٹیلتھ ڈرون طیارہ ’’ایکس فورٹی سیون بی‘‘ کو کسی بھی ائیر کرافٹ کیریئروارشپ سے اڑایا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک May 16, 2013
ڈرون اپنے ہدف پر2 ہزار پاؤنڈ تک وزنی بم گراسکتا ہے جبکہ اس پرلگے کمپیوٹرکو زمین پرموجود کنٹرول ڈسپلے یونٹ کمانڈ دے گا ، فوٹو: رائٹرز

امریکا نے ایسا ڈرون تیار کرلیا ہے کہ اسے اب کسی بھی ملک پرحملہ کرنے کے لئے اس ملک یا قریبی ملک میں فوجی اڈے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

40ہزارفٹ بلندی پر6 گھنٹے تک پرواز کی صلاحیت رکھنے والا یہ ہے امریکی اسٹیلتھ ڈرون طیارہ ایکس فورٹی سیون بی۔ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑنے والے اس طیارے کو کسی بھی ائیر کرافٹ کیریئروارشپ سے اڑایا جا سکتا ہے، یوں جاسوسی اور دوسرے جنگی مقاصد کے لئے ڈرون اڑانے کے لئے امریکا کو کسی ملک کی ایئرفیلڈ کی کی بھی ضرورت نہیں رہے گی، یہ ڈرون اپنے ہدف پر2ہزارپونڈ تک وزنی بم گراسکتا ہے۔

طیارہ اپنے خودکارانٹیلی جنس سسٹم کی مددسے بھی ہدف کو نشانہ بناسکے گا، ماہرین امریکی بحریہ کے اس نئے ڈرون کو''کِلرڈرونز'' کا نام دے رہے ہیں جب کہ بعض ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جاسوسی اوردوسری خودکارصلاحیتوں کی وجہ سے یہ طیارہ کہیں کنٹرول سے باہرہی نہ ہوجائے، امریکا اس طیارے کو پاکستان،صومالیہ، یمن اورافغانستان میں بھی استعمال کرسکتا ہے۔