ٹیکسٹائل سیکٹر کا ایکسپورٹ میں حصہ 53 فیصد سے متجاوز، جیولری کی ریکارڈ برآمدات

کامران عزیز  اتوار 23 جون 2013
سیمنٹ اورقیمتی پتھروں کی برآمدات میں بھی ٹھوس اضافہ، قالین،کھیلوں کے سامان،سامان جراحی وطبی آلات،کیمیکل وفارماسیکٹرکی کارکردگی خراب رہی۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

سیمنٹ اورقیمتی پتھروں کی برآمدات میں بھی ٹھوس اضافہ، قالین،کھیلوں کے سامان،سامان جراحی وطبی آلات،کیمیکل وفارماسیکٹرکی کارکردگی خراب رہی۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

کراچی: پاکستانی برآمدات کو متنوع بنانے، غیرروایتی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے فروغ اور نئی منڈیوں کی تلاش کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر پر غیرملکی زرمبادلہ کے حصول کے لیے انحصار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ قالین، کھیلوں کے سامان، سامان جراحی وطبی آلات، کیمیکل وفارماسیکٹر جیسے روایتی شعبوں کی کارکردگی خراب ہو رہی ہے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں پاکستان سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 6فیصد اضافے کے ساتھ اس کا مجموعی برآمدات میں حصہ بھی 52.38 فیصد سے بڑھ کر53.45 فیصد تک پہنچ گیا، جولائی سے مئی کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 11ارب93کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، کاٹن کلاتھ کی ایکسپورٹ کم وبیش ڈھائی ارب ڈالر، کاٹن یارن کی 2ارب ڈالر، نٹ ویئر کی 1ارب84کروڑ،بیڈ ویئرکی 1ارب 63 کروڑ، ریڈی گارمنٹس کی 1ارب 64 کروڑ اور ٹاولز کی 71 کروڑ 69لاکھ ڈالر رہی، اشیائے خوراک کی برآمدات بھی 11 فیصد بڑھ کر 4 ارب 34کروڑ 29 لاکھ 63ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جن میں چاول 7.94فیصد کمی کے باوجود 1ارب 75 کروڑ 65 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی ایکسپورٹ کے ساتھ نمایاں رہا۔

مچھلی، پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں بالترتیب 3.28،4.8 اور 38 فیصد اضافہ ہوا، چینی 2372.32فیصد کے اضافے سے 47کروڑ 45لاکھ 12 ہزار ڈالر کی ایکسپورٹ کی گئی، روایتی برآمدات میں قالین وغیرہ کی برآمدات گزشتہ 11ماہ میں معمولی کمی سے 11 کروڑ 18لاکھ 17ہزار ڈالر، کھیلوں کے سامان کی بھی 3 فیصد گھٹ کر 29 کروڑ 84 لاکھ12ہزار ڈالر، چمڑے کی 11فیصد کے نمایاں اضافے سے 44کروڑ 79لاکھ 59ہزار ڈالر، لیدر پراڈکٹس کی ساڑھے6 فیصد بڑھ کر 50کروڑ 52 لاکھ 32 ہزار ڈالر، فٹ ویئر کی 5فیصد کے اضافے سے 9 کروڑ 41 لاکھ 6ہزار ڈالر اور سامان جراحی وطبی آلات کی برآمدات معمولی کمی سے 27کروڑ 46 لاکھ 9 ہزار ڈالر رہی جبکہ کیمیکل وفارما ایکسپورٹ 29.7 فیصد کی نمایاں کمی سے 70کروڑ 63 لاکھ 87ہزار ڈالر رہی۔

اس دوران غیرروایتی ایکسپورٹ میں صرف جیولری کی برآمدات 63 فیصد کے اضافے سے ریکارڈ 1 ارب 15 کروڑ 92 لاکھ 27 ہزار ڈالر اور قیمتی پتھروں کی برآمدات 15 فیصد بڑھ کر 39لاکھ93ہزار ڈالر ہو گئی جبکہ سیمنٹ کی برآمدات 17 فیصد کے اضافے سے 52کروڑ 46لاکھ 87 ہزار ڈالر اور انجینئرنگ گڈز کی اپکسپورٹ پونے 3فیصد بڑھ کر 25کروڑ 75 لاکھ 31ہزار ڈالر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔