پاکستان کی آئی ایم ایف کو بھارت کو’’پسندیدہ ترین ملک‘‘ کا درجہ قرار دینے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2013
پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا اسٹیج سجانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ،ذرائع فوٹو: فائل

پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا اسٹیج سجانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ،ذرائع فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہائی کرائی ہے کہ وہ بھارت کو ’’پسندیدہ ترین ملک‘‘ کا درجہ دے دے گا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنی تجارتی پالیسی میں تبدیلی کے ساتھ بھارت کے ساتھ تجارت کے لیے موجود منفی اشیا کی فہرست کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے اور موجودہ منفی اشیا کی فہرست کو ختم کرکے اسے جنوبی ایشیائی آزاد تجارتی معاہدے کے مطابق “حساس فہرست” میں تبدیل کرنے کی جانب اقدامات کررہا ہے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 31 دسمبر 2012 میں بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لئے اسے پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم سابقہ حکومت اس حوالے سے کامیاب نہیں ہو سکی تھی جب کہ وزیراعظم نوازشریف  انتخابی مہم اوراقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی تقریروں اورمختلف انٹریوز میں  بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کا ذکر کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔