انٹربینک میں ڈالر105روپے کی حدبھی عبور کرگیا

بزنس رپورٹر  پير 16 ستمبر 2013
دو کاروباری ایام کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدرمیں مجموعی طور پر27 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

دو کاروباری ایام کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدرمیں مجموعی طور پر27 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: نئی مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود میں 0.5 فیصد اضافے اور آئی ایم ایف سے نیا قرض ملنے کے باوجود امریکی ڈالر کی نسبت پاکستانی روپیہ کی قدر مستحکم نہ ہوسکا اور پیر کو انٹر بینک مارکیٹ کی سطح پرڈالرکی قدر13 پیسے کے مزید اضافے سے 105روپے 10 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اس طرح سے صرف دو کاروباری ایام کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدرمیں مجموعی طور پر27 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر105.70 روپے تا 105.90 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔ اس ضمن میں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرملک محمد بوستان نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ حج سیزن شروع ہوتے ہی عازمین حج کی ایک بڑی تعداد نے زرمبادلہ کے حصول کے لیے اوپن مارکیٹ کا رخ کرلیا ہے۔

کیونکہ بینکوں کے ٹریول چیکوں کے عوض حجاج کرام کو108 روپے فی ڈالر کے مساوی سعودی ریال فراہم کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے حجاج کرام اوپن مارکیٹ سے ہی 105.70 تا105.90 روپے فی ڈالر کے مساوی سعودی ریال کی خریداری کو ترجیح دینے لگے ہیںجس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ پر زرمبادلہ کے حصول کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج سیزن کے دوران پاکستان سے جانے والے ڈیڑھ لاکھ عازمین حج کو اپنے حج اخراجات پورے کرنے کے لیے 1.5ارب سعودی ریال کی ضرورت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔