حکومت پاکستان نے ایبٹ آباد طرز کے آپریشن کے خطرے کے باعث ڈاکٹر قدیر کی سیکیورٹی بڑھادی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2013
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو دوران سفر وزیر اعظم کی پروٹوکول کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، بھارتی میڈیا   فوٹو : اے ایف پی/فائل

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو دوران سفر وزیر اعظم کی پروٹوکول کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، بھارتی میڈیا فوٹو : اے ایف پی/فائل

نئی دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت پاکستان نے ایبٹ آباد طرز کے کسی آپریشن کے خطرے کے پیش نظر پاکستان میں جوہری پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سیکیورٹی میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خلاف امریکا کے کسی آپریشن کے خطرے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ان کے اسلام آباد والے گھر کی سیکیورٹی میں 3 گنا تک اضافہ کردیا ہے اور اب ان کو دوران سفر وزیر اعظم کی پروٹوکول کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا سیکیورٹی اسٹاف بڑھائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کے خراب حالات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی سیکیورٹی القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد میں کئے گئے آپریشن کے طرز کے کسی بھی طرح کے آپریشن سے بچنے کے لئے بڑھائے گئی ہے کیونکہ امریکا جوہری توانائی کے پھیلاؤ میں ملوث ہونے کے الزام میں ان کے خلاف کسی طرح کا آپریشن کرسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ سخت سیکیورٹی کے باعث ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کے گھر کے اطراف میں کسی بھی امریکی اور یورپی کو قیام کی اجازت نہیں دی جارہی جبکہ عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کو بھی وزارت داخلہ سے اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد ان کے گھر کے اطراف میں قیام کی اجازت دی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔