اسد رؤف کیس نے بے داغ علیم ڈار کیلیے مشکلات پیدا کردیں

سلیم خالق  جمعرات 26 ستمبر 2013
پاکستانی امپائر کو اس بار چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی امپائر کو اس بار چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسد رؤف کے اسکینڈل نے بے داغ کیریئر کے مالک علیم ڈار کیلیے بھی مشکلات پیدا کر دیں، کئی بار آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی امپائر کو اس بار چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20کے پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسد رئوف آئی پی ایل کے دوران فکسنگ اسکینڈل کا شکار ہوئے اور اب بھارت کو مطلوب ملزمان میں شامل ہو چکے، اس تنازع کا اثر دوسرے پاکستانی امپائر علیم ڈار پر بھی پڑنے لگا جو بے داغ کیریئر کے مالک ہیں، ذرائع نے بتایا کہ منتظمین نے اس بار انھیں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے امپائرز پینل میں شامل ہی نہیں کیا، گذشتہ برس انھوں نے فرائض انجام دیے تھے جبکہ رواں سال آئی پی ایل میں بھی امپائرنگ کی، علیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں خدمات نبھانے کے بعد اب وطن واپس پہنچ چکے۔

گذشتہ روز انھوں نے لاہور میں ایک کلب میچ میں بھی حصہ لیا، اس ضمن میں پی سی بی ذرائع نے کہا کہ چونکہ علیم ڈار آئی سی سی سے زیرمعاہدہ ہیں لہذا منتظمین اسی سے رابطہ کرتے ہیں ہمیں کچھ علم نہیں، کونسل ذرائع کاکہنا ہے کہ چیمپئنز لیگ ایک ڈومیسٹک ایونٹ ہے،اس کے امپائرز و ریفریز کی تقرری سے ہمارا تعلق نہیں، اس حوالے سے منتظمین سے ہی پوچھنا چاہیے۔ دوسری جانب علیم ڈار سے رابطے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی البتہ ان کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وہ اہل خانہ کے ساتھ وقت گذارنے کیلیے وطن واپس آئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔