پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈی تک رسائی دی جائیگی، رچرڈ اولسن

بزنس رپورٹر  ہفتہ 28 ستمبر 2013
رچرڈ اولسن نے کہا کہ وہ پاکستانی تاجروں کو امریکی منڈیوں تک رسائی اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

رچرڈ اولسن نے کہا کہ وہ پاکستانی تاجروں کو امریکی منڈیوں تک رسائی اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

کراچی:  پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈی تک رسائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ پاکستان ایکسپو کے دورے کے موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اس تجارتی نمائش میں امریکا کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی حکومت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ وہ پاکستانی تاجروں کو امریکی منڈیوں تک رسائی اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

امریکی سفیر نے نمائش کا دورہ کیا اور منتظمین کی کوششوں کو سراہا، امریکی سفیررچرڈ اولسن اور ان کے وفد نے نمائش میں قائم امریکی پویلین بھی دیکھا، پویلین میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور برآمدات سے متعلق یوایس ایڈ کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے معلوماتی اسٹالز لگائے گئے تھے، نمائش میں امریکا کیلیے کاروباری ویزوں کے حصول کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر گریگوری گاٹلیب اوردیگر اعلیٰ امریکی عہدیداروں بھی موجود تھے۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے سربراہان حکومت کی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، دونوں ملکوں کو اپنے معاملات مذاکرات سے طے کرنا چاہیئں، پاکستان میں کی جانے والی امریکی سرمایہ کاری پاکستان کے عوام کے لیے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔