سیاچن پر فوجوں کو مشکل میں ڈالے رکھنا احمقانہ پن ہے: وزیراعظم

آن لائن  ہفتہ 28 ستمبر 2013
کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب ایشوز مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب ایشوز مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

نیویارک: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے جبکہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب ایشوز مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک دفاع پر بھاری اخراجات کررہے ہیں جو کہ ہمیں سماجی شعبوں پر خرچ کرنا چاہئے۔ میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار اداکیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔ نوازشریف نے کہا کہ سیاچن کا ایشو دونوں ممالک کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ممالک کی افواج بائیس ہزار سے زائد فٹ کی بلندی پر بیٹھی ہیں اور آج کے اس جدید دور میں یہ احمقانہ پن ہے کہ ہم اس ایشو کو حل کرنے کے بجائے اپنی فوجوں کو مشکل میں ڈالے رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔