ماربل فیکٹری مالکان کو بھتے کی ادائیگی کیلیے وزیرستان سے فون پر دھمکیاں

بزنس رپورٹر  ہفتہ 28 ستمبر 2013
متعلقہ فون نمبرز اور بھتے کے حوالے سے شکایات پولیس ورینجرز حکام کو دیدی گئیں،فوٹو:فائل

متعلقہ فون نمبرز اور بھتے کے حوالے سے شکایات پولیس ورینجرز حکام کو دیدی گئیں،فوٹو:فائل

کراچی: کراچی کے علاقے منگھوپیر میں قائم ماربل فیکٹریوں کووزیرستان سے بھتے کی کالز موصول ہورہی ہیں اور 20 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کابھتہ طلب کیا جارہا ہے۔

ماربل ایکسپورٹرزنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پرایکسپریس کوبتایاکہ کراچی میں بھتہ مافیا کیخلاف کریک ڈائون اوررینجرزکے آپریشن کے بعد مقامی بھتہ خور اور جرائم پیشہ عناصرغائب ہوگئے ہیں لیکن گزشتہ ایک ہفتے سے بھتہ طلب کرنے والے خود کو وزیرستان کاطالبان کمانڈرظاہر کرکے بھتے کی دھمکیاں دے رہیں ،ایکسپورٹر نے بتایا کہ بھتے کی رقم کی ادائیگی سہراب گوٹھ پرہنڈی حوالہ کاکام کرنیو الوںکے ذریعے کرنے کا طریقہ بتایا جارہاہے۔

اس حوالے سے رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام کو شکایات درج کراچی جاچکی ہیں اوردھمکی کی کالوں کیلیے استعمال ہونے والے فون نمبرزبھی پولیس اوررینجرزافسران کودیدیے گئے ہیں اور بھتے کی دھمکیاں وصول کرنیو الے متعدد ایکسپورٹرز اور فیکٹری مالکان نے مبینہ طورپروزیرستان سے آنے والی دھمکی کی کالزکے بارے میں ایف آئی آربھی درج کرائی ہیں، وزیرستان کے نام پر بھتہ وصولی کی اس نئی لہرنے ماربل فیکٹری مالکان اورایکسپورٹرزکوخوف میں مبتلا کردیاہے اور فیکٹری مالکان نے اپنی نقل وحرکت اور کاروباری سرگرمیاں محدودکردی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔