بھارتی وزیرخارجہ پاکستان پر الزامات کے بجائے اپنی فوج کے کشمیرمیں کرتوتوں پر توجہ دیں، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  اتوار 29 ستمبر 2013
بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسیاں حکومت کی امن کوششوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسیاں حکومت کی امن کوششوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے آئی ایس آئی اور پاکستانی فوج پر الزامات کو بے بنیاد اور سفارتی آداب کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خورشید بھارتی فوج کے کشمیر میں کرتوتوں پر توجہ دیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سلمان خورشید کے بیان پر اپنےردعمل میں چوہدری نثار نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ آئی ایس آئی اور پاک فوج پر الزامات سے نہیں کتراتے، بھارتی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی فوج پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیرمہذب زبان کا استعمال میں نہ مانوں کی رٹ ہے، پاکستان فوج اور حکومت میں کسی بھی قسم کا کوئی اختلاف نہیں اور نہ غیرملکی حکمران کو پاک فوج اور آئی ایس آئی میں خلیج کے ذکر کا اختیار ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے نیو یارک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسیاں حکومت کی امن کوششوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں، ہمیں ایسا بتایا جا رہا ہے کہ تمام ایجنسیوں میں اتفاق رائے ہے لیکن ایسا ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔