ایکسپو پاکستان اختتام پذیر، پاکستانی تاجروں اور غیر ملکی خریداروں کے درمیان 30 کروڑ ڈالر کے معاہدے

بزنس رپورٹر  پير 30 ستمبر 2013
نمائش کے دوران ایف پی سی سی آئی اور کراچی چیمبر آف کامرس اور غیرملکی خریداروں کے درمیان کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا۔ فوٹو: آن لائن

نمائش کے دوران ایف پی سی سی آئی اور کراچی چیمبر آف کامرس اور غیرملکی خریداروں کے درمیان کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا۔ فوٹو: آن لائن

کراچی: آٹھویں ایکسپو پاکستان نمائش اختتام پذیر ہوگئی نمائش کے دوران 600سے زائد کاروباری ملاقاتیں کی گئیں غیرملکی خریداروں نے پاکستانی ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، ہینڈی کرافٹس، فرنیچر، ماربل، فروٹ اینڈ ویجیٹبل، رائس اور دیگر مصنوعات کے علاوہ پاکستانی آرٹ اور کلچر میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

نمائش کے دوران ایف پی سی سی آئی اور کراچی چیمبر آف کامرس اور غیرملکی خریداروں کے درمیان کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا، غیرملکی خریداروں نے نمائش گاہ میں قائم اسٹالز پر بھی کاروباری ملاقاتیں کیں۔ ایکسپو پاکستان نمائش ابتدائی 3  دنوں میں صرف تجارتی طبقے کے لیے مخصوص تھی اور نمائش آخری دن یعنی 29  ستمبر کو عام لوگوں کیلیے بھی کھول دی گئی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا۔ نمائش کے دوران پاکستانی ٹرک آرٹ کو خصوصی طور پر اجاگر کرنے کا اہتمام کیا گیا تھا ساتھ ہی چاروں صوبوں کی ثقافت کے مظاہرے کے لیے روایتی رقص بھی پیش کیا گیا جسے غیرملکی خریداروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل رہی۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سیکریٹری رابعہ جویری آغا کے مطابق نمائش کے توقع سے زائد بھرپور نتائج ملے ہیں نمائش کا انعقاد پاکستانی برآمدات میں اضافے کے ساتھ پاکستان کی امیج بلڈنگ کے لیے بھی ایک اہم ایونٹ ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمائش کے ذریعے 700ملین ڈالر تک کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع کی جارہی ہے تاہم اس بارے میں کوئی حتمی اعدادوشمار ابھی نہیں جاری کیے جاسکتے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نمائش میں شریک تمام کمپنیوں سے کاروباری فیڈ بیک لے کر حتمی اعدادوشمار جلد جاری کریگی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایکسپو پاکستان نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کو کروڑوں ڈالر مالیت کے برآمدی آرڈرز ملے ہیں ، بنگلہ دیشی خریداروں نے 8ملین ڈالر کی مصنوعات درآمد کرنے کے لیے معاہدے طے کیے ہیں، متحدہ عرب امارات کے اسٹور نے 100ملین ڈالر کا فرینچر خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، دبئی اور عرب امارات کے خریداروں نے 20ملین ڈالر سے زائد کی ٹیکسٹائل مصنوعات، بیڈ لینن، بیڈ ویئر مصنوعات کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پھل اور سبزیوں کے برآمد کنندگان کو 3ملین ڈالر کے برآمدی آرڈرز موصول ہوئے ہیں۔ نمائش کے دوران مختلف شعبوں میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے معاہدے بھی طے پائے جو پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں بہت اہم ثابت ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔