پاکستان نے ٹیم ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

اسپورٹس رپورٹر  پير 7 اکتوبر 2013
پلیئرز نے کوارٹر فائنل میں بھارت اور سیمی فائنل میں میزبان آئرلینڈ کو شکست دی۔ فوٹو: فائل

پلیئرز نے کوارٹر فائنل میں بھارت اور سیمی فائنل میں میزبان آئرلینڈ کو شکست دی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان نے ایران کو ایک شاندار  اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد5-3 سے قابو کرکے پہلی آئی بی ایس ایف عالمی ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔

آئرلینڈ کے شہر کارلو میں ہونے والی اس چیمپئن شپ  کے فائنل میں عالمی چیمپئن محمد آصف اور سجاد حسین پر مشتمل قومی جوڑی نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر بدقسمتی سے وہ انفرادی ایونٹ میں کامیابی کا سفر جاری نہ رکھ سکے اور پری کوارٹر مقابلوں میں شکست کھاگئے۔آئرلینڈ شہر کارلو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عالمی ٹیم چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کے خلاف پاکستانی کیوئٹس نے زبردست  مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو ششدر کر کے رکھ دیا،کوارٹر فائنل میں بھارت کو زیر کرنے کے بعد سیمی فائنل میں میزبان آئرلینڈ کی ٹیم کو مات دینے والی قومی ٹیم  نے ایران کے خلاف9 فریمز کے فائنل میں قابل تحسین کار کردگی دکھائی۔

ایران نے پہلا فریم70-33سے جیتنے کے بعد دوسرا فریم 68-18 سے اپنے نام کرکے تیسرے فریم میں74-9 سے فتح پاکر 3-0 کی بالادستی قائم کی، لیکن اس مرحلے پر عالمی اور ایشیائی چیمپئن بننے پر حکومتی انعام سے محروم محمد آصف اور محمد سجاد پر مشتمل قومی ٹیم نے بھر پور اعتماد  کا مظاہر ہ کیا اور اگلے پانچوں فریمز جیت کر عالمی ٹیم چیمپئن شپ کا اعزا ز حاصل کیا، پاکستان نے ان فریمز میں ایران کو88-20، 67-11 ، 87-15 ، 75-43 اور 58-35  سے مات دی۔ ٹیم ایونٹ میں پاکستانی پلیئرز کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور دونوں نے کوئی بھی میچ نہیں ہارا، گروپ مرحلے میں انگلینڈ، آئرلینڈ ، فن لینڈ اور بھارت کیخلاف فتوحات نے ٹیم کو ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچایا تھا۔

دوسری جانب دونوں قومی کھلاڑی  6 ریڈ چیمپئن شپ  میں اپنا سفر جاری نہ رکھ سکے، پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف  کو آسڑیلیا کے ایڈرین ریڈیلے نے4-1 سے ہرا دیا جبکہ ویلز کے این سارجنٹ نے محمد سجاد کو4-1 سے شکست دے کرایونٹ سے باہر کردیا، دریں اثنا پہلی آئی بی ایس ایف عالمی ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کی فاتح قومی ٹیم منگل کی صبح واپس وطن پہنچے گی، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ بھی ٹیم کے ہمراہ کراچی واپس آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔