انفارمیشن کمیونی کیشن سیکٹرکی سب سے بڑی نمائش شروع

بزنس رپورٹر  بدھ 9 اکتوبر 2013
ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این اشیامیں شریک خواتین ایک اسٹال پر معلومات حاصل کر رہی ہیں۔ فوٹو: آن لائن

ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این اشیامیں شریک خواتین ایک اسٹال پر معلومات حاصل کر رہی ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کراچی:  کراچی ایکسپو سینٹر میں انفارمیشن کمیونی کیشن سیکٹر کی سب سے بڑی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔

13ویں آئی ٹی سی این ایشیا2013 نمائش کے پہلے ہی روز نمائش دیکھنے کے لیے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا تانتا بندھ گیا، تین روزہ نمائش جمعرات10اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید مصنوعات کی نمائش کررہی ہیں، نمائش کا افتتاح چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ محمد زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے کیا جبکہ نمائش کے دوران اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر قاضی عبدالمقتدر، نادرا کے چیئرمین طارق ملک، ڈاکٹر سرفراز عالم اور دیگر نے بھی مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔

آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کے دوران کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 1اور 2میں 15سے زائد ممالک کی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں، نمائش میں اسٹالز لگانے والی کمپنیوں کا تعلق امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، روس، چین، جرمنی، تائیوان اور دیگر ممالک سے ہے، اس نمائش میں 55 غیر ملکی وفود کی شرکت بھی متوقع ہے، نمائش میں آئی ٹی مصنوعات، جدید مواصلاتی نظام سے متعلق سامان، موبائل انڈسٹری میں استعمال ہونے والے آلات اور جدید سیکیورٹی سسٹم رکھے گئے ہیں، نمائش میں نادرا کی جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا ہے۔

جہاں شرکا کو نادرا کی خدمات سے متعلق مکمل آگہی فراہم کی جارہی ہے جبکہ عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی جارہی ہے، نمائش کے پہلے روز عوام کی ایک بڑی تعداد نے کراچی ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، نمائش میں شرکت کے لیے آنے والوں میں بڑی تعداد اسکول و کالجوں کے طلباو طالبات کی تھی جنہوں نے غیر ملکی کمپنیوں کے اسٹالز میں بھرپور دلچسپی لی اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے ڈسپلے کی گئی جدید مصنوعات کو سراہا، نمائش میں بچوں کی دلچسپی کے لیے کمپیوٹر گیمز بھی رکھے گئے تھے ۔

جہاں بچے جدید سسٹم پر گیمز کھیلتے ہوئے بھی نظر آئے، نمائش میں سب سے بڑا اسٹال ٹیکسپو کی جانب سے لگایا گیا تھا جہاں لوگوں کا بے پناہ رش رہا، 3 روز ہ آئی ٹی سی این نمائش میں جدید مصنوعات کے ڈسپلے کے ساتھ ساتھ 8 کانفرنس کی سیریز بھی ہوگی جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے موضوع پر ماہرین تبادلہ خیال کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔