نجی ایئرلائن کے پائلٹ نے مسافرخاتون کو کاک پٹ میں کراچی سے لاہور کی سیر کرادی

ویب ڈیسک  جمعـء 11 اکتوبر 2013
مسافروں کا جہاز کے پائلٹ کی غیر قانونی اورغیراخلاقی حرکت کے خلاف احتجاج۔ فوٹو: فائل

مسافروں کا جہاز کے پائلٹ کی غیر قانونی اورغیراخلاقی حرکت کے خلاف احتجاج۔ فوٹو: فائل

لاہور: کراچی سے نجی ایئر لائن کی پروازکے پائلٹ نے اپنی خاتون دوست کو خوش کرنے کے لئے کاک پٹ میں بٹھا کرلاہور تک کی سیر کرا دی جب کہ فرسٹ آفیسر کو کاک پٹ سے باہر بھیج کر دونوں چائے کے مزے لیتے رہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز این ایل 618 جب کراچی سے لاہور کے لئے روانہ ہوئی تو جہاز کے پائلٹ نعیم محمود کی خاتون دوست جو اسی پرواز میں سفر کر رہی تھی کاک پٹ میں چلی گئیں اور پائلٹ نے فرسٹ آفیسر کو کاک پٹ سے باہر بھیج دیا، دونوں کاک پٹ میں خوش گپیاں کرتے رہے اورچائے کے مزے لیتے رہے جب مسافروں نےجہاز کے کپتان کی غیر قانونی اورغیراخلاقی حرکت کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ ایک طرف تو انہیں بتایا گیا کہ لاہورمیں مطلع ابرآلود ہے اور دوسری طرف جہاز کے کپتان اپنی خاتون دوست کے ساتھ کاک پٹ میں بیٹھ کر چائے کے مزے لے رہے ہیں تو اس پر کپتان نعیم نے جواب دیا کہ میں جہاز چلا رہا ہوں کوئی ٹیکسی نہیں چلا رہا لہذا آپ لوگ اپنے کام سے کام رکھیں۔

واضح رہے کہ دوران پرواز جہاز کے کاک پٹ میں کپتان اور فرسٹ آفیسر کے علاوہ کسی بھی شخص کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی لیکن اس واقعے میں نجی ایئرلائن کے پائلٹ نے بغیر کسی ڈر اور خوف کے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔