حکومت کو زر تلافی کی شرط پر سی این جی فلنگ بزنس بند کرنے کی پیشکش

بزنس رپورٹر  ہفتہ 12 اکتوبر 2013
حکومت سی این جی اسٹیشنز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو زرتلافی کی ادائیگی کرے جس کے بعد ملک بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز بند کر دیے جائیں گے، سی این جی اسٹیشن مالکان فوٹو: فائل

حکومت سی این جی اسٹیشنز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو زرتلافی کی ادائیگی کرے جس کے بعد ملک بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز بند کر دیے جائیں گے، سی این جی اسٹیشن مالکان فوٹو: فائل

کراچی: سی این جی اسٹیشنز مالکان نے حکومت کی جانب سے زر تلافی کی ادائیگی کی صورت میں ملک بھر میں سی این جی کا کاروبار بند کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

سی این جی اسٹیشن اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں 3 ماہ اور صوبہ سندھ میں ہفتے میں3 روز سی این جی اسٹیشنز کے لیے گیس بند کرنے سے بہتر ہے کہ حکومت سی این جی اسٹیشنز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو زرتلافی کی ادائیگی کرے جس کے بعد ملک بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز بند کر دیے جائیں گے اور حکومت اس کے نتیجے میں بچنے والی گیس سے ملک میں گیس کی قلت ختم کرنے کا شوق پورا کرلے۔ ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز ملک بھر میں 400ایم ایم سی ایف گیس یومیہ استعمال کرتے ہیں۔

تاہم اس کے نتیجے میں حکومت کو پٹرول کی درآمد کی مد میں بچنے والے قیمتی زرمبادلہ کا شاید کوئی اندازہ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام کی اس قدر سکت نہیں کہ 113روپے لیٹر پٹرول خرید کر گاڑیوں میں ڈلوا سکیں، پنجاب میں 3 ماہ سی این جی اسٹیشنز کے لیے گیس فراہمی بند کرنے سے حکومت کو اس بات کا اندازہ ہوجائے گا کہ پٹرول کی درآمد، اسٹوریج اور ترسیل میں کیا مسائل درپیش ہونگے۔ ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ حکومت کے ان اقدامات کے باعث سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد مجروح ہوا ہے اور مستقبل میں مقامی و غیرملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری سے قبل سو مرتبہ سوچیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔