امریکا کو بغیر کسی ابہام کے پاکستانی نکتہ نظر سے آگاہ کروں گا، نواز شریف

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2013
قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کے خلاف خصوصی عدالتیں بنانے پر غور کر رہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف   فوٹو؛ فائل

قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کے خلاف خصوصی عدالتیں بنانے پر غور کر رہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف فوٹو؛ فائل

لندن: وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام معاملات پر پالیسی واضح ہے، دورہ امریکا کے دوران امریکی انتظامیہ کو بغیر کسی ابہام کے پاکستان کے نکتہ نظر سے مکمل طور پر آگاہ کروں گا۔

امریکا روانگی سے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ صدر اوبامہ سے ملاقات کے دوران یہ واضح کروں گا کہ ڈرون حملے پاکستان کی  خودمختاری کے خلاف ہیں انہیں بند ہونا چاہئے۔ ڈرون حملوں پر پاکستان کے تحفظات جنرل اسمبلی میں بھی پیش کر دیئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کسی ایک گروپ کی حمایت نہیں کر تا بلکہ امن کے لئے افغانستان کی مدد کررہے ہیں۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش کرر ہی ہے کہ بجلی کے بحران پر قابو پایا جائے۔ توانائی کا بحران اسی دور حکومت میں ختم ہوگا اور بحران پر قابو پاتے ہی بجلی سستی کردیں گے، بجلی کی چوری کی روک تھام کیلئے بھی کام کررہے ہیں۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ معیشت بہتر بنانے کیلئے جلد پیکج کا اعلان کیا جائے گا جب کہ قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کے خلاف خصوصی عدالتیں بنانے پر غور کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔