فیکٹری میں بھوت کا بسیرا، خوف سے23خواتین بے ہوش

اسٹاف رپورٹر  منگل 29 اکتوبر 2013
فیکٹری میں بے ہوش ہونے والی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔فوٹو:آن لائن

فیکٹری میں بے ہوش ہونے والی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔فوٹو:آن لائن

کراچی:  لانڈھی میں قائم فیکٹری میں خاتون کارکن کے چلانے پر مچنے والی بھگدڑ سے23 خواتین کی حالت غیر ہوگئی۔

جس سے میں کئی خواتین بیہوش ہوگئیں، خواتین کا کہنا ہے کہ ان کی ساتھی کو بیت الخلا میں بھوت دکھائی دیا ہے ،خاتون کی چیخ و پکار پر900 خواتین بدہواسی میں ہال سے محفوظ مقام کی جانب دوڑ پڑیں اس دوران کچلے جانے اور دم گھٹنے سے کئی خواتین بے ہوش اور زخمی ہوگئیں، تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم کیجول اسپورٹس ویئر فیکٹر ی میں خاتون کارکن کے چلانے پر وہاں پر موجود دیگر خواتین کارکنوں میں خوف پھیل گیا اور خواتین کی بڑی تعداد ہال سے باہر نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچنے سے گرکر زخمی اور کئی دم گھٹنے اور خوف سے بے ہوش ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع پر فیکٹری انتظامیہ اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خواتین کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا، جناح اسپتال لائی جانے والی خواتین میں ریحانہ، تسلیم، شگفتہ، ثمینہ ، رخسانہ،گل جان، صبا، رقیہ، نفیسہ، شاہین، نیلو، سنجیدہ، ناصرہ ، صائمہ، کنول، سعیدہ، صائمہ ، طاہرہ،ارشاد، حفصہ، ریشماں،گلشن اور ایک نامعلوم خاتون شامل ہے ، ڈاکٹروں کے مطابق خواتین فیکٹری میں کام کے دوران خوف سے متاثر ہوئی ہیں اور طبی امداد کے بعد بیشتر خواتین کو گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے،ایس ایچ اوسکھن راؤ رفیق نے بتایا کہ فیکٹری میں خاتون بیت الخلا میں بھوت نظر آنے پر چیخ کر بے ہوش ہوگئی جس پر ساتھی خواتین کارکنوں نے بھی چیخنا چلاناشروع کردیا کہ فیکٹری میں بھوت ہے جس سے فیکٹری میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف پھیل گیا۔

ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے ترجمان ملک عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ کیجول اسپورٹس ویئر زون کی اہم فرم ہے جس میں ساڑھے 4 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں جن میں 75 فیصد خواتین ہیں جس خاتون نے جن یا بھوت دیکھ کر شور مچایا اس نے چند روز قبل بھی اسی طرح کی شکایت کی تھی جبکہ خاتون منتشرالخیال اور مرگی کی مریضہ ہے اور اس خاتون کے شور مچانے پر فیکٹری کے ہال میں موجود 900 خواتین کارکنوں میں خوف پھیل گیا اور باہر نکلنے کی جلد بازی میں بھگدڑ مچنے سے، خوف کا شکار ہونے اور آکسیجن کی کمی سے کئی خواتین کارکن بیہوش ہوگئیں، اطلاع ملتے ہی ای پی زیڈ اے ریسکیو ڈپارٹمنٹ حرکت میں آیا اور زون کی ایمبولینس اور فائر فائٹنگ کا عملہ فیکٹری پہنچ گیا،جہاں متاثرہ خواتین کو زون کے طبی مرکز منتقل کیا گیا اور وہاں سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

جہاں سے تمام خواتین شام تک رخصت کردی گئیں،واقعے میں سازش کے پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ای پی زیڈ اے ملک کا اہم صنعتی علاقہ ہے جہاں24 گھنٹے بجلی گیس اور مکمل سیکیورٹی کے سبب سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،فیکٹری میں آسیب کی موجودگی میں کوئی حقیقت نہیں مذکورہ فیکٹری 22 سال سے قائم ہے جبکہ یہاں ہزاروں خواتین کام کرتی ہیں اور اس قسم کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا، مذکورہ واقعہ کاروباری رقابت کا نتیجہ ہوسکتا ہے جس کی فیکٹری مالکان تحقیقات کر رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ جن بھوت نظر آنے کے واقعے کے بعد زون کی دیگر فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کارکن بھی خوف کا شکار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔