حکیم اللہ کا فارم ہاؤس آرمی ہیڈ کوارٹرز سے ایک کلومیٹر دور تھا

اے ایف پی  پير 4 نومبر 2013
حکیم اللہ محسود کی رہائش گاہ عمارت اور منسلک فارم ہاؤس کی قیمت اندازاً1لاکھ 20ہزار ڈالر ہے ۔ فوٹو: فائل

حکیم اللہ محسود کی رہائش گاہ عمارت اور منسلک فارم ہاؤس کی قیمت اندازاً1لاکھ 20ہزار ڈالر ہے ۔ فوٹو: فائل

میرانشاہ: وزیرستان کے علاقے ڈنڈی درپہ خیل کے ایک دکاندار سمیع اللہ وزیر نے حکیم اللہ محسود پرحملے کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے سمیع اللہ نے بتایا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ایک قافلے کو سامنے والی شاندارعمارت میں آتے جاتے دیکھاکرتا تھا اور سوچتاکہ یہاں کوئی بہت ہی اہم ہستی رہتی ہوگی۔ سیاہ شیشوں والی4 سے 5بڑی گاڑیوں پر مشتمل یہ قافلہ روزانہ صبح سویرے روانہ ہوتا اور بعد مغرب کے لوٹتا۔ ایک دن سفید شال اوڑھے ایک شخص کو اس عمارت میں داخل ہوتے دیکھ کر مجھے لگا کہ وہ حکیم اللہ محسود ہے مگر پھر میں نے سوچا کہ وہ بھلا یہاں کہاں ہوسکتا ہے ورنہ آسانی سے ڈرون حملے میں مار نہ دیا جائے، مگر وہ وہی نکلا۔ اس دن ہم دکان بند کررہے تھے کہ جب اس کی گاڑی آئی۔

ابھی وہ عمارت میں داخل ہونے ہی والی تھی کہ اچانک ایک میزائیل نے اسے اڑادیا۔ وزیر نے مزید کہاکہ چند ہی لمحوں میں طالبان کی نفری آئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق حکیم اللہ محسود کی رہائش گاہ یہ عمارت اور منسلک فارم ہاؤس کی قیمت اندازاً1لاکھ 20ہزار ڈالر ہے۔ وہ یہاں اپنی2بیویوںکے ساتھ مقیم تھا۔ شمالی وزیرستان کے لیے پاکستان آرمی کا ہیڈکوارٹر یہاں سے صرف ایک کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے۔ مقامیوں کے نزدیک یہ اس خطرناک علاقے کی سب سے محفوظ جگہ تھی۔ فوجی کیمپ کے اتنے قریب حکیم اللہ کی رہائش نے اسامہ بن لادن کی اقامت گاہ کی یاد تازہ کردی جو ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری کی سب سے معتبراکیڈمی کے بالکل قریب واقع تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔