پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے کسی سرمایہ کار، ملا یا کھلاڑی کی نہیں جو ختم ہوجائے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 نومبر 2013
2018 کے انتخابات سے پہلے دنیا کو دکھائیں گے پیپلز پارٹی اب بھی ناصرف زندہ بلکہ زیادہ فعال ہے، بلاول بھٹو۔ فوٹو: پی پی آئی

2018 کے انتخابات سے پہلے دنیا کو دکھائیں گے پیپلز پارٹی اب بھی ناصرف زندہ بلکہ زیادہ فعال ہے، بلاول بھٹو۔ فوٹو: پی پی آئی

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی سرمایہ کار، ملا یا کھلاڑی کی جماعت نہیں جو ختم ہوجائے، 2018 کے انتخابات سے پہلے دنیا کو دکھائیں گے پیپلز پارٹی اب بھی ناصرف زندہ بلکہ زیادہ فعال ہے۔

پیپلزپارٹی کے 47 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتےہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے۔ ذوالفقارعلی بھٹو نے روٹی کپٹرا اور مکان کا نعرہ لگایا تو انہوں نے سرمایہ داروں کے ظلم و جبر کوچیلنچ کیا تھا وہ عوام کی آواز تھی، جب ذوالفقار علی بھٹو نے اس وقت نئی اصلاحات کا اعلان کیا تو انہوں نے اس طبقے اور جاگیرداروں کو چیلنج کیا تھا جن کے ساتھ ان کا تعلق تھا اور جب ملک کی صنعتوں کو قومیانے کا فیصلہ کیا تو ان 23 خاندانوں کو للکارا جن کا اس ملک کے خزانوں پر قبضہ تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سابق صدر زرداری نے اپنے دور حکومت سوات میں پاکستان کا پرچم لہرا کر وہ کارنامہ سرانجام دیا جو فوجی آمر نے اپنے دور حکومت میں نہ کیا انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ کا آغاز کرکے معاشرے کے پسماندہ لوگوں کی آواز بلند کی، صدر زرداری نے تخت اسلام آباد کی آمریت کو للکار کر 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ان کا حق واپس دلوایا۔  یہ جھوٹ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بدل گئی اور اب یہ وہ پارٹی نہیں رہی جوپہلے تھی۔ ہم نے کل بھی غریبوں کے حق میں آواز بلند کی اورہمیشہ کرتے رہیں گے، اسی لئے مخالفین ہم سے نفرت کرتے ہیں اور ہمارے دشمن بن کر جان لینے پر تلے ہوئے ہیں ہم پاکستان کے لوگوں کا چھینا ہوا حق انہیں واپس لوٹانا چاہتے ہیں اور امیر سے لے کر غریبوں کو دینا چاہتےہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی جاگیر دار، سرمایہ کار، کھلاڑی اور کسی ملا کی میراث نہیں اور نہ ہی اس پارٹی کے ساتھ کوئی ف، ن، ق نہیں لگا ہوا جس کے ہٹنے سے ختم ہوجائے۔ یہ پارٹی ایک جذبہ، جنون اور روایت ہے اور روائیتیں کبھی بدلا نہیں کرتیں اور جذبے کبھی مرا نہیں کرتے۔ 2018 کے انتخابات سے پہلے یہ ثابت کردیں گے پیپلز پارٹی اب بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔

بلاول بھٹوکا  کہنا تھاکہ ان کے انداز پر تنقید کی جاتی ہےان کا کہنا ہے کہ ہمارے مخالف کہتےہیں کہ بلاول عوام کی زبان نہیں سمجھ سکتا لیکن انہیں نہیں معلوم عوام اور ان کے درمیان زبان کا نہیں خون اور دل کا رشتہ ہے جسے کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے لیکن موجودہ حکومت نجکاری کے نام پر قومی ادارے دوستوں کو دلوا رہے ہیں، یہ پرائیوٹائزشن نہیں پرسنلائزیشن ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔