2014 میں پرستاروں کے ساتھ مخالفین کو بھی سرپرائز دوں گی، ماتیرا

قیصر افتخار  اتوار 2 فروری 2014
2014 میری کامیابیوں اورکیرئیر میں ایک نئی ڈائریکشن کا سال ہے، ماتیرا  فوٹو: فائل

2014 میری کامیابیوں اورکیرئیر میں ایک نئی ڈائریکشن کا سال ہے، ماتیرا فوٹو: فائل

لاہور: معروف اداکارہ وماڈل ماتیرا نے 2014ء میں اپنی آل راؤنڈ پرفارمنس سے شوبز کے مختلف شعبوں پر راج کرنے کا اعلان کر دیا۔

’’ایکسپریس‘‘ سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے ماتیرا نے بتایا کہ پاکستان ہی نہیں بھارت میں بھی کچھ پروجیکٹ سائن کئے ہیں جس کی وجہ سے رواں برس میں مختلف انداز کے ساتھ چھوٹی اور بڑی اسکرین پرجلوہ گر ہوتی رہوں گی۔ فلم، ٹی وی کے علاوہ میوزک جیسے مشکل ترین شعبے میں قسمت آزمائی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر لیا تھا، اس کے لیے میں نے ایک بہترین کمپوزیشن والے گیت کو ریکارڈ کیا ہے اور اب اس گیت کا ویڈیو بھی بنایا جائے گا جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو گا۔

ماتیرانے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میوزک ایک مشکل کام ہے اور اس کے لیے میوزک کی سمجھ بوجھ ہونا بہت ضروری ہے، میں میوزک کو سمجھتی ہوں اور جن لوگوں نے میری آواز سن رکھی ہے وہ جانتے ہیں کہ میں اچھا گا سکتی ہوں، اسی لیے میں نے اداکاری، ماڈلنگ اور میزبانی کے بعد گلوکاری کے شعبے میں قدم رکھا ہے، یہ میرے چاہنے والوں کے لیے سرپرائز ہو گا مگر مجھے امید کہ جب وہ میرا گیت سنیں گے تو اس کو خوب انجوائے کریں گے۔ اردو زبان میں ریکارڈ کیے جانے والے گیت میں ناچنے اورجھومنے کے لیے ہم نے اوریجنل ساز استعمال کیے ہیں جہاں تک گیت کے ویڈیو کا تعلق ہے تو اس کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شوٹ کیا جائے گا تاکہ میرا گیت صرف پاکستانی چینلز پر ہی نہیں بلکہ غیرملکی میوزک چینلز سے بھی آن ائیر ہو سکے۔

ایک سوال کے جواب میں ماتیرا نے بتایا کہ میں آل راؤنڈر ہوں اور بطورآل راؤنڈر ایکٹنگ، ماڈلنگ، میزبانی اورگلوکاری جاری رہے گی، کسی ایک شعبے میں مستقل کام کرنے بارے کبھی نہیں سوچا تھا۔ اس لیے مجھے جو بھی کام اچھا لگتا ہے میں اس کو ضرور کرتی ہوں۔ جہاں تک بات بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کی ہے تو صرف اتنا بتا سکتی ہوں کہ میں بالی ووڈ کے لیے کام ضرور کر رہی ہوں لیکن فلم کا نام، اپنے کردار اور فلم کی کہانی بارے کچھ نہیں بتا سکتی، کیونکہ میں نے یہ ارادہ کیا ہے کہ 2014ء میں اپنے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ مخالفین کو بھی سرپرائز دوں تو اس کے لیے سب کو صبر کرنا ہو گا۔ مجھے اندازہ ہے کہ میری تیزی سے بڑھتی شہرت کودیکھتے ہوئے میرے مخالفین کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، جن لوگوں کو مجھ سے جلن ہوتی ہے وہ جلتے رہیں، میرا فوکس اپنے کام کی طرف ہے، جس کو جاری رکھوں گی۔

سپر ماڈل کا کہنا تھا کہ  میں جانتی ہوں کہ میرے منفرد انداز میزبانی اور بالی ووڈ کی طرف سے ملنے والے رسپانس کے بعد بہت سے مخالفین اخبارات اور نیوزچینلز پر طنزیہ بیان جاری کرتے رہتے ہیں تاکہ میں دلبرداشتہ ہو جاؤں لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے، میں نے اپنے کام کے حوالے سے رواں برس کے لیے جو شیڈول ترتیب دیا ہے اس میں فلم، ٹی وی اور میوزک کے علاوہ بیرون ممالک پروگراموں میں پرفارمنس بھی شامل ہے، اس لیے یہ سال میری کامیابیوں اورکیرئیر میں ایک نئی ڈائریکشن کا سال ہے۔ ماتیرانے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ فیشن انڈسٹری کے لیے بہت سے پراجیکٹس سائن کیے ہیں۔ فیشن شوز میں کیٹ واک تو نہیں لیکن ٹی وی کمرشلز اور فوٹوشوٹ کے پراجیٹکس میں کام کرونگی، بہت سے ملٹی نیشنل برانڈز نے اس سلسلہ میں اپنی پراڈکٹس کی تشہیر کے لیے سائن کیا ہے۔

جس کے لیے ملائشیا، بینکاک اوردبئی میں شوٹنگ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کراچی اورلاہور میںبھی کچھ فوٹوشوٹ کیے جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پرائیویٹ پروڈکشنزکے بینرتلے بہت سے اچھے ڈرامے بنائے جارہے ہیں، اس لیے اب آنیوالے نئے ڈراموں میں ، میں باقاعدہ کچھ سنجیدہ کرداروں میں دکھائی دونگی۔ میں چاہتی ہوں کہ جولوگ میری فنکارانہ صلاحیتوں کے حوالے سے اکثر طنز و مزاح کرتے رہتے ہیں، وہ دیکھ سکیں کہ میں سنجیدہ کام کرنے کی اہل ہوں اوراب انکو میرے کام کے ذریعے ہی بہتر جواب ملے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔