چوہدری نثار علی کا ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کی فہرست مرتب کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 فروری 2014
امیگریشن کاؤنٹرز ملکی ساکھ کا آئینہ ہوتا ہے اور ہم ملکی ساکھ کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے، چوہدری نثار فوٹو: فائل

امیگریشن کاؤنٹرز ملکی ساکھ کا آئینہ ہوتا ہے اور ہم ملکی ساکھ کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے، چوہدری نثار فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 2 غیر ملکی خواتین کی امیگریشن کے بغیر پاکستان  میں داخل ہونے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزارت داخلہ میں چوہدری نثارعلی  کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد اور نیکٹا حکام نے انہیں امن وامان اور جدید ٹیکنالوجی آپشنز پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی کسی بھی صورت 8 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے 2 غیر ملکی خواتین  کو امیگریشن کے بغیر ملک میں داخل ہونے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کاؤنٹرز ملکی ساکھ کا آئینہ ہوتا ہے اور وہ ملکی ساکھ کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں امیگریشن کاؤنٹرز کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر داخلہ نے قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے کو ادارے میں بہتری لانے کے لیے ایک ہفتے میں پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت اور ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار کرنے کا بھی حکم دیا، انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو کرپشن کے خلاف فرنٹ لائن ایجنسی بنایا جائے اور بری شہرت کے حامل افسران کو ادارے سے فوری فارغ  کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔