وزیراعظم نے مختار احمد کو چیرمین ایچ ای سی تعینات کرنے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  منگل 15 اپريل 2014
عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران حکومت کو 15 روز میں چیرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کا حکم دیا تھا۔   فوٹو: فائل

عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران حکومت کو 15 روز میں چیرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے مختار احمد کو چیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

عدالتی حکم کے باوجود چیرمین ایچ ای سی کی تعیناتی نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے گزشتہ روز سیکریٹری تعلیم احمد حسن کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، سماعت کے دوران سیکریٹری تعلیم نے عدالت کو بتایا کہ چیرمین کی تعیناتی کے لئے سمری وزیر اعظم کو بھجوادی گئی تھی لیکن انہوں نے سمری مسترد کرتے ہوئے نئی سرچ کمیٹی تشکیل دے دی جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ ایچ ای سی جیسا اہم ادارہ غیر واضح پالیسی پر چل رہا ہے اور حکومتی یقین دہانی کے باوجود چیرمین کی عدم تقرری عدالت کے منہ پر طمانچہ ہے، تعلیم کے سب سے بڑے ادارے کے ساتھ ایسا سلوک ہورہا ہے تو دیگر اداروں کا کیا حال ہوگا۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ بہتر ہے کہ حکومت اگلے 15 روز میں چیرمین ایچ ای سی تعینات کردے ورنہ وزرا کی لڑائی کا پنڈورا باکس عدالت میں کھلے گا اور پھر کئی پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے جس کے بعد عدالت کے حکم پر وزیر اعظم نے اب مختار احمد کو چیرمین ایچ ای سی تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔