ناراض’’ اصلاح‘‘ مان گئے، چیف سلیکٹر کی پوسٹ کا تحفہ ملے گا

 کھلاڑیوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلیے ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم پر بھی اتفاق ہو گیا۔ فوٹو: فائل

کھلاڑیوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلیے ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم پر بھی اتفاق ہو گیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایچ ایف سے ناراض سابق کپتان اصلاح الدین مان گئے، انھیں بطور تحفہ چیف سلیکٹر کی پوسٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہناز شیخ قومی سینئرجبکہ منظور الحسن جونیئر ٹیم کے چیف کوچ بنیں گے، طاہر زمان کو ڈائریکٹر کوچنگ بنایا جائیگا۔ کھلاڑیوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلیے ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم پر بھی اتفاق ہو گیا۔ یہ فیصلے گذشتہ شب نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میںہنگامی بنیادوں پر ہونے والے اجلاس کے دوران کیے گئے، حتمی منظوری بدھ کو لاہور میں شیڈول ایگزیکٹیو باڈی اجلاس میں لی جائے گی۔ یاد رہے کہ پی ایچ ایف کی سابقہ انتظامیہ نے ٹیموں کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا کردار ختم کر کے تمام تر ذمہ داری ٹیم مینجمنٹ کو سونپ دی تھی لیکن موجودہ حکام یہ سمجھتے ہیں کہ عالمی مقابلوں میں شاندار نتائج کے حصول اور گراس روٹ سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلیے سلیکشن کمیٹیز ضروری ہیں،اس لیے بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اصلاح الدین کو قومی سینئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنانے پر اتفاق ہوا، دیگر سلیکٹرز میں ارشد چوہدری، خالد بشیر، فرحت خان اور شاہد علی خان شامل ہوں گے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ سابق کپتان منظور حسن کو جونیئر ہاکی ٹیم کا ہیڈکوچ بنایا جائیگا، موجودہ چیف کوچ طاہر زمان کو ڈائریکٹر کوچنگ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق عظیم کھلاڑی شہنازشیخ کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف کوچ بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصلوں کی منظوری بدھ کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول ایگزیکٹیو بورڈ کے27واں اجلاس میں باہمی مشاورت سے لی جائے گی،اختلاف کی صورت میں وہی فیصلہ ہوگا جس پر بورڈ کے ارکان کی اکثریت متفق ہوگی۔ یہ اجلاس نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے کانفرنس روم میں ساڑھے 12بجے شروع ہوگا، اس کی صدارت پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول کریں گے، اجلاس کا حصہ بننے والے دیگر ارکان میں سیکریٹری فیڈریشن رانا مجاہد علی، نائب صدور لشکر رئیسانی، واسع جلیل، سعید خان، ثریا اللہ دین، خزانچی شاہد علی خان، ایسوسی ایٹ سیکریٹری انجم سعید، سیکریٹری پنجاب اجمل لودھی، سیکریٹری رمضان جمالی، سیکریٹری بلوچستان امجد ستی، سیکریٹری خیبر پختونخوا ظاہر شاہ، چیئرپرسن ویمن ونگ خوش بخت شجاعت شامل ہیں، سابق کپتان اصلاح الدین، پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری اختر الاسلام، شہناز شیخ، شہباز سینئر، منظور جونیئر اور دیگر اولمپئنز کو بھی شرکت کیلیے خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کی عدم شرکت سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کی حتمی منظوری ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پی ایچ ایف نے پانچ سال قبل نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور انھیں آ گے لانے کے منصوبے کے تحت قومی ہاکی چیمپئن شپ میں 30 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کو شرکت سے روک دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔