ورلڈ کپ دفاعی چیمپئن اسپین سب سے مہنگی ٹیم قرار

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 16 اپريل 2014
ارجنٹائن 474.1 ملین اور برازیل 470.2 ملین یوروز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں. فوٹو؛ فائل

ارجنٹائن 474.1 ملین اور برازیل 470.2 ملین یوروز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں. فوٹو؛ فائل

میڈرڈ: ورلڈ کپ فٹبال میں اسپین،ارجنٹائن اور برازیل کے پاس انتہائی مہنگے اسکواڈز ہیں ۔

ورلڈ کپ دفاعی چیمپئن اسپینش ٹیم تقریباً 486.9 ملین یوروزکے ساتھ سب سے مہنگی قرار پائی، ارجنٹائن 474.1 ملین اور برازیل 470.2 ملین یوروز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، لیونل میسی 138.1 ملین یوروز کے ساتھ سب سے قیمتی پلیئر قراردیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 32 ممالک کی ٹیمیں اس سمر کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کررہی ہیں ، ان میں اسپین ، ارجنٹائن اور برازیل کے پاس انتہائی مہنگے اسکواڈز ہیں ۔ رپورٹس کے مطابق دفاعی ورلڈ کپ چیمپئن اسپین کا اسکواڈ تقریباً 486 ملین یوروز لاگت کا ہے،ارجنٹائن 474.1 ملین یوروز اور میزبان برازیل 470.2 ملین یوروز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

جرمن اسکواڈ کی مالیت 445.6 ملین یوروز ہے،فرانس نے398.6 ملین یوروز کے ساتھ انگلینڈ کی جگہ پر قبضہ کرلیا، روئے ہجسن کا اسکواڈ 345.2 ملین یوروز کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک کنسلٹینسی نے گذشتہ عرصے اندازاً قیمت میں 1.4 فیصد کمی کے باوجود ارجنٹائن اور بارسلونا کے سپر اسٹار لیونل میسی کو 138.1 ملین یوروز کے ساتھ سب سے قیمتی پلیئر قرار دیا، رونالڈو کی گذشتہ ماہ میں اندازاً قیمت میں 11.4 فیصد اضافہ ہوا لیکن وہ اب بھی میسی سے 30 ملین یوروز پیچھے ہیں۔ کنسلٹینسی ورلڈ کپ کے فائنل اسکواڈز کا اعلان ہونے کے بعد اعداد وشمار کو دوبارہ مرتب کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔