بگ تھری حمایت: ’’ربڑ اسٹیمپ‘‘ آج لگائی جائے گی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 16 اپريل 2014
جونٹی رہوڈز سے مختصرمدت کے معاہدہ کیلیے رابطہ کیاجا سکتا ہے،ذرائع کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

جونٹی رہوڈز سے مختصرمدت کے معاہدہ کیلیے رابطہ کیاجا سکتا ہے،ذرائع کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کی جانب سے بگ تھری کی حمایت کے فیصلے پر ’’ربڑ اسٹیمپ‘‘بدھ کو لگائی جائے گی، مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان لاہور میں سرجوڑ کر بیٹھیں گے، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی تقرری سمیت مختلف امور پر بھی غور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، نجم سیٹھی صدارت کرینگے، سابق کپتان ظہیر عباس، سابق چیئرمین شہریار خان، سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم، سابق منیجر نوید اکرم چیمہ اور اسلام آباد ریجن کے صدر شکیل شیخ بھی موجود ہونگے۔ اس موقع پر ارکان کو بگ تھری کی مشروط حمایت کے فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا، بھارت کے ساتھ یواے ای میں ممکنہ سیریز کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

راشد لطیف کی طرف سے چیف سلیکٹر کا عہدہ ٹھکرائے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرغور کرتے ہوئے مختلف ناموں پر غور کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کیلیے معین خان مضبوط امیدوار ہیں،  مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان ہیڈ کوچ کیلیے وقار یونس سمیت مختلف آپشنز پر غور کر ینگے، غیر ملکی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کی خدمات حاصل کرنے پر بھی بات ہوگی،ذرائع کے مطابق جونٹی رہوڈز سے مختصر مدت کے معاہدے کیلیے رابطہ کیا جا سکتا ہے، ورلڈ کپ 2015 کی تیاری کیلیے قومی کرکٹرز کا ایک پول تیار کرکے ایبٹ آباد میں کنڈیشننگ کیمپ لگانے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔