لیاقت آباد میں دکان پر فائرنگ، متحدہ کے2کارکن جاں بحق، ایک زخمی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 اپريل 2014
نمائش چورنگی پرفائرنگ سے کارسوارسب انسپکٹرزخمی ہوگیا،گلشن حدید فیزٹومیں 2 گروپوں کے درمیان تصادم میں 2 افراد زخمی ہوگئے ۔فوٹو:فائل

نمائش چورنگی پرفائرنگ سے کارسوارسب انسپکٹرزخمی ہوگیا،گلشن حدید فیزٹومیں 2 گروپوں کے درمیان تصادم میں 2 افراد زخمی ہوگئے ۔فوٹو:فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سیکٹر ممبر سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ پولیس کے سب انسپکٹر سمیت نصف درجن سے زائد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق  لیاقت آباد تھانے کے قریب نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ سے 45 سالہ شبیر احمد ، 35 سالہ محمد نسیم ہلاک جبکہ 40 سالہ ارشد زخمی ہوگیا،ایس ایچ او شکیل شیروانی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا نسیم متحدہ قومی موومنٹ کا ناظم آباد کا سابق سیکٹر ممبر تھا، تینوں آپس میں دوست تھے ، مقتول شبیرعلاقے کا رہائشی جبکہ ارشد نارتھ کراچی کا رہائشی تھا ، پولیس کے مطابق فوری طور پر واقعے کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا ، علاوہ ازیں نمائش چورنگی پر موٹر سائیکل سوارملزمان نے کارپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار سب انسپکٹر 40 سالہ طفیل زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی ہیڈ کوارٹر خواجہ اجمیر نگری میں تعینات ہے، عدالت سے واپس جا رہا تھا۔ جائے وقوع سے ایک نائن ایم ایم پستول کا خول ملا ہے ، اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز ٹو میں 2 گروپوں کے درمیان تصادم کے باعث 2 افراد 25 سالہ آفاق اور 30 سالہ علی جان زخمی ہوگئے۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک کالونی تھانے کی حدود میں بسم اﷲ ہوٹل کے قریب 25 سالہ کاشف ، یوسف پلازہ کے علاقے انارکلی مارکیٹ میں 28 سالہ فیصل لطیف اورسہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں 35 سالہ اسلم زخمی ہوگیا۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لیاقت آباد میں ایم کیو ایم کے سینئر کارکن محمد نسیم اور ایم کیو ایم کے ایک ہمدرد محمد شبیر کے سفارکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اقبال محمود، ڈی آئی جی کراچی شاہد حیات اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیں۔ الطاف حسین نے محمد نسیم شہید اور محمد شبیر شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، میں اپنے ایک ایک ساتھی اور ہمدرد کے سوگوار لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا گو ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔