بھارتی سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کے معطل صدرسری نواسن کی اپیل مسترد کردی

ویب ڈیسک  بدھ 16 اپريل 2014
بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ سری نواسن کو بی سی سی آئی کی صدارت سے ہٹا کر سنیل گواسکر کو نیا صدر مقرر کردیا تھا۔    فوٹو؛فائل

بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ سری نواسن کو بی سی سی آئی کی صدارت سے ہٹا کر سنیل گواسکر کو نیا صدر مقرر کردیا تھا۔ فوٹو؛فائل

نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سری نواسن کو بطور صدر بی سی سی آئی کے عہدے سے معطل کئے جانے کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے معطل صدر سری نواسن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں سنیل گواسکر کو قائم مقام صدر بنانے اور اپنی معطلی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست کی تاہم آج سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گزشتہ ماہ جاری کئے جانے والے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدر کام کرنے سے روکتے ہوئے سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سنیل گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا نیا صدر مقرر کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔