پولیس نے چھاپوں اور مقابلوں میں 115 ملزم گرفتار کرلیے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
اقبال سینٹرسے پولیس اوررینجرز کی نفری نے درجن سے زائدمشتبہ افرادکوحراست میں لے لیا۔ فوٹو: فائل

اقبال سینٹرسے پولیس اوررینجرز کی نفری نے درجن سے زائدمشتبہ افرادکوحراست میں لے لیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس اور رینجرز نے شہر سے115ملزم گرفتار کرلیے، تفصیلات کے مطابق پیرآباد پولیس نے منگھوپیر روڈ پر لوٹ مار کرنے والے ملزم محمد ابراہیم کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ، پیر آباد پولیس نے اشتہاری ملزم عبداﷲ کو گرفتار کرلیا، نیو کراچی پولیس نے یوپی موڑ کے قریب جیو موبائل مارکیٹ سے ملزم عثمان عرف عاشی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کر لی، پولیس کے مطابق ملزم نے چند ماہ قبل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناگن چورنگی کے قریب سب انسپکٹر عالمگیر کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا،  سرسید ٹاؤن پولیس نے2 مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان ارشد اور شان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں،گلشن اقبال پولیس نے سفاری پارک کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم غلام حسین کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول چھینے ہوئے 6 موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

گارڈن پولیس نے ڈی سلوا روڈ پر واقع گھر میں لوٹ مار کرنے والے ڈکیت احسن بلوچ کو گرفتار کر لیا، تھانیدار سب انسپکٹر امداد علی خواجہ نے بتایا کہ ملزمان مرزا یونس نامی شخص کے گھر میں لوٹ مار کررہے تھے کہ اہل محلہ نے شور مچادیا جس پر ملزم فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور 2 موبائل فون برآمد کر لیے، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ایم اے جناح روڈ ریڈیو پاکستان کے سامنے اقبال سینٹرکا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس نے 94 ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے29 پستول ،3دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔