ایشین گیمز ہمارا ہدف ہوگا، چیف کوچ شہناز شیخ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
عہدوں کا حصول مقصد نہیں، تمام فیصلے میرٹ پر ہونے چاہئیں، سلیکشن چیف اصلاح۔ فوٹو: فائل

عہدوں کا حصول مقصد نہیں، تمام فیصلے میرٹ پر ہونے چاہئیں، سلیکشن چیف اصلاح۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد علی نے بدھ کو ہونے والے ایگزیکٹیواجلاس کے بعد میڈیا کو بتا کہ فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری قومی ہاکی ٹیم کا ٹارگٹ مقرر نہیں کریں گے بلکہ یہ ہدف ٹیم مینجمنٹ طے کرے گی۔

سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ مزید ناراض اولمپئنز کو منانے کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں صلاح الدین صدیقی، شاہد علی خان ، اخترالاسلام اور شہباز سینئر شامل ہیں،ایک سوال پر رانا مجاہد علی کا کہنا تھا کہ ماضی کے تمام عظیم کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جانا خوش آئند ہے جس کا فائدہ قومی کھیل کو ہوگا۔ پنجاب حکومت سے کچھ گرانٹ ملی ہے اور باقی ابھی ملنے والی ہے ۔ نو منتخب چیف سلیکٹر صلاح الدین صدیقی نے کہا کہ ماضی میں دنیا بھر میں ہمارا کرکٹ، ہاکی اور اسکواش میں نام تھا، قومی کھیل کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہماری ترجیح ہوگی۔

اہم عہدوں کے لیے نہیں بلکہ ہاکی کی ترقی اور ملک کا نام روشن کرنے کے لیے ایک جگہ اکٹھے ہوئے ہیں، ہم سے صدر پی ایچ ایف اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کے لیے رابطہ کیا تو ہم نے ان کی پیشکش کا مثبت جواب دیا اور اس دوران عہدوں کے حصول کی کوئی بات زیر بحث نہیں رہی ، ہمارا موقف تھا کہ پی ایچ ایف کا ہر فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے ۔ہر عہدے کے لیے صحیح شخص ہونا چاہیے۔

چیف کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ ہمارا ہدف ایشین گیمز ہے، ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی مسنگ کی اوسط 65فیصد ہے، اس کو 50پر لیکرآئیں گے جبکہ پانچ ٹاپ یورپی ٹیموں کیخلاف ہماری ٹیم کی شکست کا مارجن بہت کم ہے جس کو محنت سے دور کیا جاسکتا ہے، شہباز سینئر نے کہا کہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد علی میرے پاس جدہ آئے اورانھوں نے مل جل کر ہاکی کو بہتر کرنے کی درخواست کی جسے میں نے قبول کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔