مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس؛ رافیل نڈال نے تیموریز گابا شیلوی کو ٹھکانے لگا دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 17 اپريل 2014
مونٹی کارلو ماسٹرز:ٹاپ سیڈ رافیل نڈال دوسرے رائونڈ میں تیموریز کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں ۔  فوٹو : اے ایف پی

مونٹی کارلو ماسٹرز:ٹاپ سیڈ رافیل نڈال دوسرے رائونڈ میں تیموریز کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

مونٹی کارلو / موناکو: مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے روسی حریف تیموریز گاباشیلوی کو ٹھکانے لگادیا، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے پہلی آزمائش میں راڈک اسٹیپنک کو مات دے دی، اسٹینسلس واورنیکا نے بھی تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے۔

ملائیشین ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ ڈومنیکا سبولکووا نے کوالیفائر پیمرا اوزگین کوپچھاڑ کر کوارٹر فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، چھ سیڈ زرینہ ڈیاس نے کوالیفائر گیولا گیٹو مونٹی کون کوزیر کرلیا۔تفصیلات کے مطابق مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس میں بدھ کو ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے روسی کوالیفائر تیموریز گاباشیلوی کو ٹھکانے لگادیا، ان کی جیت کا اسکور 6-4 اور6-1 رہا،کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انھیں اب اطالوی پلیئر آندریس سیپی کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے اسپین کے پبلو الیجاندرو کو 6-7 ، 7-5 اور6-3 سے قابو کیا، سوئس ماسٹر راجرفیڈررنے پہلے مقابلے میں جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو 6-1 اور6-2 سے شکست دے دی، اب کوارٹر فائنل میں رسائی کیلیے انھیں لوکاس روسول کے چیلنج کا سامنا رہے گا، راجرفیڈرر اب تک ساحل سمندر پر واقع مونٹی کارلو کنٹری کلب میں ٹائٹل نہیں جیت پائے ہیں، انھوں نے52 منٹ میں راڈک اسٹیپنک کا قصہ تمام کیا،اس کامیابی کے ساتھ ہی فیڈرر نے راڈک اسٹیپنک سے باہمی مقابلوں کے اپنے ریکارڈ کو14-2 سے مزید بہتر بنالیا، 10 سیڈ اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی نے اسپینش حریف روبرٹو بوٹیسٹا اگٹ کو 7-6 (8/6) اور 6-4 سے مات دیکر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

5 سیڈ ٹوماس بریڈیچ نے روس کے دیمتری ترسنوف کو 7-5 اور6-4 سے زیر کرلیا، 8 سیڈ کینیڈا کے میلوس راؤنک نے چائنیز تائپے کے ین ہوشن لو کو 6-7 ، 6-2 اور6-1 سے قابو کرلیا، لوکاس روسول نے مائیکل کو 6-4 اور6-4 سے مات دی، 11 سیڈ ٹومی روبریڈو نے فرنچ پلیئر جولین بینیٹو کو 4-5 ، 5-0 اور5-1 سے ہرادیا، گریگور دیمیتروف نے البرٹ راموس کو 6-4،3-6 اور6-4 سے قابو کرلیا، نکولس مہاٹ کو 15 سیڈ نکولس الماگرو نے ہرادیا،ان کی جیت کا اسکور 7-6 اور6-3 رہا، آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے کروشین حریف مارن کلک کو 6-0 اور6-2 سے ہرادیا۔دوسری جانب ملائیشین ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ ڈومنیکا سبولکووا نے کوالیفائر پیمرا اوزگین کو 6-1 اور6-3 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، سیکنڈ راؤنڈ کے دیگر میچز میں چھ سیڈ زرینہ ڈیاس نے کوالیفائر گیولا گیٹو مونٹی کون کو 6-1 اور6-4 سے شکست دیکر راؤنڈ8 میں رسائی حاصل کی، میگدا لینیٹی نے لیوڈیملا کیچونک کو 6-1 اور6-2 سے زیر کیا، ایونٹ کے ڈبلز مقابلوں میں تھرڈ سیڈ جرمیلا گیڈجسوا اور سو وائی ہائش کی جوڑی نے چیاجنگ چوانگ اور ریکا فیوجی وارا کو 6-3 اور6-4 سے قابو کرلیا، چن وائی چان اور یائی فان زو نے ایریکا سیما اور یوریکا سیما کو 6-3،7-5 اور10-8 سے قابو کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔