آئی پی ایل کے افتتاحی مقابلے میں کولکتہ نے ممبئی کو روند دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 17 اپريل 2014
ابوظبی: ممبئی انڈینز کیخلاف کولکتہ کے جیک کیلس رن مکمل کررہے ہیں، انھوں نے 72 رنز بنائے۔ فوٹو: بی سی سی آئی

ابوظبی: ممبئی انڈینز کیخلاف کولکتہ کے جیک کیلس رن مکمل کررہے ہیں، انھوں نے 72 رنز بنائے۔ فوٹو: بی سی سی آئی

ابوظبی: آئی پی ایل کے افتتاحی میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ممبئی انڈینز کو 41 رنز سے روند دیا، ممبئی کی ٹیم 164 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹ پر 122 ہی بنا پائی، امباتی رائیڈو 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سنیل نارائن نے 4 وکٹیں لیں، کولکتہ کی جانب سے جیک کیلس نے 72 اور منیش پانڈے نے 64 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی انڈینز کو پہلے میچ میں سچن ٹنڈولکر کے مشورے راس نہیں آئے، مائیک ہسی نے اوپننگ کی اور 13 بالز پر صرف 3 رنز بناکر نارائن کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، امباتی رائیڈونے نارائن ہی کی گیند پر اسٹمپڈ ہونے سے قبل 48 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن توقعات کے بوجھ میں دب کررہ گئے، انھوں نے صرف دو رنز اسکور کیے۔ سنیل نارائن نے 4 وکٹیں لیں، اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 5 وکٹ پر 163 رنز اسکور کیے۔

کپتان گوتم گمبھیر 8 گیندوں پر بغیر کھاتہ کھولے لسیتھ مالنگا کا شکار بن گئے تاہم ممبئی کو اگلی وکٹ اس وقت ملی جب 135 رنز بن گئے، جیکس کیلس اور منیش پانڈے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 131 رنز جوڑے، پانڈے 64 رنز بناکر مالنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے، روبن اتھاپا کو ایک رن پر ظہیر خان نے شرما کا کیچ بنایا، تجربہ کار جنوبی افریقی آل رائونڈر جیک کیلس نے 46 بالز پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے، وہ سری لنکن فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا کی گیند پر اینڈرسن کا کیچ بنے۔ مالنگا نے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔