حکومت بلدیاتی انتخابات کیلیے تیار ہے، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ

اسٹاف رپورٹر / نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 17 اپريل 2014
تمام ڈپٹی کمشنر بطور پروجیکٹ ڈائریکٹرفرائض خوش اسلوبی سے انجام دیں، اجلاس میں ہدایت۔ فوٹو: فائل

تمام ڈپٹی کمشنر بطور پروجیکٹ ڈائریکٹرفرائض خوش اسلوبی سے انجام دیں، اجلاس میں ہدایت۔ فوٹو: فائل

کراچی / ٹنڈومحمد خان / بدین: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر اپنے فرائض خوش ا سلوبی سے سرانجام دینے اوراپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے احکام جاری کیے ہیں۔

یہ احکام انھوں نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق گزشتہ شب وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیے۔ علاوہ ازیں تحصیل بلڑی شاہ کریم کے گائوں صوبوخان چانڈیو میں سرداررسول بخش چانڈیوکے صاحبزادے علی رضا چانڈیو کی دعوت ولیمہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلیے تیارہے، الیکشن کمیشن جب بھی کہے گا، انتخابات کرادیے جائیں گے۔کراچی میں بلا تفریق آپریشن کیاجارہا ہے، جو دہشت گردی کے خا تمے تک جاری رہے گا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی کرنے والے افسران کو تعلقہ،ضلعی ہیڈکوارٹرز اور چھوٹے چھوٹے شہروں کے عوامی مقامات پر پینے کے صاف پانی اوربیت الخلا کی سہولتیں فراہم کرنے کے احکام بھی جاری کیے تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کے افسران کوصوبے بھرکے کینالوں اور نہروں کی بھل صفائی باالخصوص ضلع بدین اورٹھٹھہ کی نہروں کی بھل صفائی کا کام آئندہ مون سون کے موسم سے قبل مکمل کرنے کے احکامات دیے ہیں،میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی بہت بڑا شہر ہے، جہاں ذاتی جھگڑوں اور زمینوں پر قبضوں کے واقعات میں بھی اموات ہوتی ہیں، اس لیے تمام واقعات کو ٹارگٹ کلنگ کہنا درست نہیں ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ سندھ میں فرقہ ورانہ فسادات کی کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔