قومی کرکٹر عمر اکمل رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
عمر اکمل ڈیفنس میں واقع گھر سے سفید رنگ کی مرسیڈیز میں لاہور گیریژن کلب پہنچے جسے کامران اکمل چلا رہے تھے۔
فوٹو: اے ایف پی

عمر اکمل ڈیفنس میں واقع گھر سے سفید رنگ کی مرسیڈیز میں لاہور گیریژن کلب پہنچے جسے کامران اکمل چلا رہے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: قومی کرکٹر عمر اکمل رشتہ ازواج سے منسلک ہو گئے، مڈل آرڈر بلے باز کی شادی ماضی کے عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کی صاحبزادی نور آمنہ سے ہوئی ہے۔

لاہور گیریژن گولف کلب میں گزشتہ شام تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی ا یاز صادق، چیئرمین  پی سی بی نجم سیٹھی، سابق  چیئرمین توقیر ضیا اور خالد محمود، ممبر مینجمنٹ کمیٹی شکیل شیخ، قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز عامر، سلمان بٹ، توفیق عمر، سرفراز نواز، اقبال قاسم، بولنگ کوچ محمد اکرم، مشتاق احمد، اعجاز احمد، اظہر زیدی، سلیم الطاف، سابق کپتان انضمام الحق، تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری، ایم پی اے زعیم قادری، امیرالعظیم، عبدالعلیم خان، اسلم اقبال، محبوب اسلم، سعادت خان اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ کپتان مصباح الحق اپنے اہلخانہ سمیت بارات کیساتھ آئے، سہرا بندی کے موقع پر اکمل برادران نے خوب بھنگڑے ڈالے جبکہ عمر اکمل نے اپنی والدہ، بہنوں اور بھابیوں کو طلائی زیورات تحفے میں دیئے۔

عمر اکمل ڈیفنس میں واقع گھر سے سفید رنگ کی مرسیڈیز میں لاہور گیریژن کلب پہنچے جسے کامران اکمل چلا رہے تھے، قومی کرکٹر نے کالی شیروانی اور کھسہ پہنا جبکہ دلہن نور آمنہ کیلئے سیاہ رنگ کے لہنگے کیساتھ سرخ کرتا تیار کیا گیا تھا۔ سابق کرکٹر عبدالقادر نے بارات کا پرجوش استقبال کیا۔ عمر اکمل نے شادی کے دن کو یادگار قرار دیا اور اپنی دلہن نور آمنہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے کرکٹ کیرئیر کیطرح ازدواجی زندگی بھی کامیاب رہیگی۔ دلہن نور آمنہ نے کہا کہ کرکٹ کا بہت شوق ہے، عمر اکمل اچھے کھلاڑی ہیں انکے تمام میچز دیکھے ہیں، زندگی کے ہر اچھے اور برے وقت میں عمر اکمل کا ساتھ دوں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ عمر اکمل اور نور فاطمہ کی شادی دو کرکٹر خاندانون کا ملاپ ہے۔ شادی کی تقریب کو رات 10بجے کے مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔