پشاور میں 700 روپے ماہانہ میں جی بھر کر بجلی استعمال کرنے کا انوکھا قانون بن گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اپريل 2014
پیسکو کا فضل الہیٰ سے یہ معاہدہ 2 ماہ کے لئے ہے اور حلقے کے عوام کو من مانی بجلی استعمال کرنے کی سہولت میٹر کی تنصیب تک جاری رہے گی۔ فوٹو: فائل

پیسکو کا فضل الہیٰ سے یہ معاہدہ 2 ماہ کے لئے ہے اور حلقے کے عوام کو من مانی بجلی استعمال کرنے کی سہولت میٹر کی تنصیب تک جاری رہے گی۔ فوٹو: فائل

پشاور: پیسکو نے کنڈوں کو قانونی شکل دے دی اور رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی کے ساتھ 700 روپے ماہانہ میں کنڈے کی بجلی کا معاہدہ کرکے انوکھا قانون متعارف کرادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فضل الہٰی نے نہ جانے پیسکو پر کون سی جادو کی چھڑی گھمائی کہ پیسکو نہ صرف رکن صوبائی اسمبلی کے حلقے کے بجلی چوری کرنے پر بند کئے گئے 6 فیڈرز 2 ماہ کے لئے کھولنے پر راضی ہوگیا بلکہ کنڈے کا معاہدہ بھی کرلیا جس کے تحت حلقے کے عوام فی کنڈا 700 روپے ماہانہ ادا کریں گے اور جی بھر کر بجلی استعمال کریں گے لیکن 700 روپے میں من مانی بجلی استعمال کرنے کی سہولت میٹر کی تنصیب تک جاری رہے گی۔

پیسکو سے کئے معاہدے کے مطابق شہریوں کو میٹر کے لئے درخواست دینے کے بعد 10 دن کے اندر ڈیمانڈ نوٹس جاری کردیئے جائیں گے، ڈیمانڈ نوٹس جمع ہونے کے 15 دن کے اندر میٹر نصب کیا جائے گا اور یہ معاہدہ اب سے نافذ العمل ہے، یعنی اب کنڈا کلچر جرم نہیں رہا بلکہ پیسکو نے اسے قانونی حثیت دے دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔