کراچی اسٹاک مارکیٹ، 100 انڈیکس 29 ہزار 400 کی نفسیاتی حد گرگئی

بزنس رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
108 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 29350 پر بند، 49 کروڑ 63 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

108 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 29350 پر بند، 49 کروڑ 63 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: طالبان کی جانب جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان اور لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے غیرپرکشش مالیاتی نتائج کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی29400 کی حد گرگئی جبکہ سرمایہ کاروں کے19 ارب93 کروڑ95 لاکھ63 ہزار216 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھنے اور طالبان کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کی خبروں نے سرمایہ کاروں کے حوصلے پست کردیے جبکہ لسٹڈ کمپنیوں کی غیرتسلی بخش مالیاتی نتائج کے اعلانات نے مارکیٹ کے رحجان کو تبدیل کردیا اور پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہوگیا، ایک موقع پر211.72 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 29669 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن سیشن کے وسط میں فروخت پردبائو سے مندی کی شدت 388 پوائنٹس کی کمی تک جا پہنچی تاہم غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور این بی ایف سیز کی67 لاکھ22 ہزار873 ڈالر کی خریداری نے مارکیٹ کو سنبھالا۔

مگرمیوچل فنڈز کی جانب سے51 لاکھ14 ہزار689 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں 5 لاکھ59 ہزار422 اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے10 لاکھ48 ہزار764 ڈالرکے انخلا نے مارکیٹ کومثبت زون میں نہ آنے دیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 107.81 پوائنٹس کمی سے 29350.34 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس76.45 پوائنٹس گھٹ کر 20493.17 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 348.99 پوائنٹس کمی سے 46701.96 ہوگیا، کاروباری حجم 26.73 فیصد زائد رہا،49 کروڑ63 لاکھ23 ہزار حصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیاں 371 کمپنیوں تک محدود رہیں،112 کے بھائو میں اضافہ، 243 کے دام میں کمی اور16 کی قیمتوںمیں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔