موچکو، ایرانی پٹرول فروخت کرنیوالے 11 پمپ سیل، 11 افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
پولیس نے پمپوں پر موجود ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور پٹرول سے بھری ہوئی ٹنکیاں قبضے میں لے لی،ملزمان کسٹم کے حوالے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پولیس نے پمپوں پر موجود ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور پٹرول سے بھری ہوئی ٹنکیاں قبضے میں لے لی،ملزمان کسٹم کے حوالے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: موچکو پولیس نے ناردرن بائی پاس پر قائم غیر قانونی طور پر قائم اسمگلنگ شدہ ایرانی ڈیزل اور پٹرول فروخت کرنے والے11غیر قانونی پٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11افراد کو گرفتار کر کے پٹرول پمپ سیل کردیے۔

تفصیلات کے مطابق موچکو پولیس نے ناردرن پائی پاس پر قائم11غیر قانونی پٹرول پمپوں شمس پٹرولیم ، مشترک انصاف پٹرولیم ، اسلم پٹرولیم کے دو پمپ ، وانڈہ پٹرولیم ، ذوالفقار پٹرولیم کے 2پمپ ، پریشان پٹرولیم اور خان پٹرولیم کے 3 پمپوں کو سیل کر کے ان پر کام کرنے والے سمیع اﷲ ، عباس ، اشفاق ، نصر اﷲ ، علی،حمید ،نورخان ،ایاز ، پیر پرویز اور مختیار احمد سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ، ایس ایچ او موچکو راؤ ذاکر نے بتایا کہ مذکورہ پٹرول پمپ غیر قانونی طور پر قائم تھے ان پٹرول پمپوں پر ایران سے اسمگل شدہ ڈیزل اور پٹرول فروخت کیا جارہا تھا۔

پولیس نے پٹرول پمپوں پر موجود ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور پٹرول کی بھری ہوئی ٹنکیاں قبضے میں لے لی،کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے ملزمان کو کسٹم حکام کے حوالے کردیا ، پولیس کے مطابق مذکورہ پٹرول پمپ بااثر افراد کی ملکیت ہیں پولیس اور کسٹم حکام مالکان کو تلاش کررہی ہیں، واضح رہے شہر کے بیشتر علاقوں میں ڈسپنسر لگا کر ایرانی پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے جس کی مبینہ طور پر پولیس سرپرستی کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔