تنقید کے تیر کھا کر یوراج کی سوئی فارم جاگ اٹھی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 18 اپريل 2014
یوراج نے چھکوں چوکوں کی برسات میں رائل چیلنجرز کو ڈیرڈیولز پر8وکٹ سے فتح دلادی۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

یوراج نے چھکوں چوکوں کی برسات میں رائل چیلنجرز کو ڈیرڈیولز پر8وکٹ سے فتح دلادی۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

شارجہ: تنقید کے تیر کھاکر یوراج کی سوئی فارم جاگ اٹھی، چھکوں چوکوں کی برسات میں رائل چیلنجرز بنگلور کو دہلی ڈیر ڈیولز پر 8 وکٹ سے فتح دلادی، فاتح سائیڈ نے 146 کا ہدف 20 بالز قبل ہی حاصل کرلیا۔

یوراج نے ناقابل شکست 52 رنز بنائے، ویرات کوہلی49 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلور کی جانب سے آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے نک میڈنسن صرف 4 رنز پر محمد شامی کی وکٹ بن گئے، کیچ دنیش کارتھک نے تھاما، دوسرے اوپنر پارتھیو پٹیل 37 رنز پر راہول شرما کا شکار بنے، اس موقع پر ویرات کوہلی کو یوراج سنگھ نے جوائن کیا تو سری لنکا کیخلاف ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل کی یاد تازہ ہوگئے، تاہم 14 کروڑ روپے میں بنگلور کی ٹیم کا حصہ بننے والے یوراج نے اس بار کوئی غلطی نہیں کی، انھوں نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،کپتان ویرات نے بھی بھرپور ساتھ دیا، ٹیم نے ہدف 16.4 اوورز میں حاصل کیا۔

یوراج نے 29 بالز پر 5 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے جبکہ کوہلی نے 38 بالز پر 49 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل دہلی ڈیرڈیولز کو پہلا صدمہ اس وقت پہنچا جب اسکور بورڈ پر ٹوٹل صرف 15 تھا، مائینک اگروال6 رنزپر مچل اسٹارک کی گیند پرکوہلی کا کیچ بنے، اگلے اوور کی تیسری گیند پر قائم مقام کپتان دنیش کارتھک بغیر کھاتہ کھولے البائی مورکل کی گیند پر وکٹ کیپر پٹیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ٹوٹل میں مزید ایک رن کا اضافہ کرکے منوج تیواڑی بھی چلتے بنے، ورون ایرون کی گیند پر وہ کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، چوتھی وکٹ 35 کے مجموعے پر گری جب دوسرے اوپنر مرلی وجے 18 رنز بناکر چل دیے، وہ یوزندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوئے، پھر پوری اننگز میں بنگلور کو مزید کوئی وکٹ نہیں ملی، پال ڈومنی اور روس ٹیلر نے اسکور کو 145 تک پہنچایا، دونوں بالترتیب 67 اور 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔