ماسٹرز ٹینس؛ نڈال کی پیشقدمی جاری، کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعـء 18 اپريل 2014
مونٹی کارلوماسٹرزٹینس:اسپینش اسٹار رافیل نڈال اطالوی حریف آندریس سیپی کیخلاف ریٹرن شاٹ کھیل رہے ہیں ،وہ یہ مقابلہ جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ فوٹو: رائٹرز

مونٹی کارلوماسٹرزٹینس:اسپینش اسٹار رافیل نڈال اطالوی حریف آندریس سیپی کیخلاف ریٹرن شاٹ کھیل رہے ہیں ،وہ یہ مقابلہ جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ فوٹو: رائٹرز

مونٹی کارلو: مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس میں عالمی نمبر ون رافیل نڈال کی پیش قدمی جاری ہے، اسپینش اسٹار نے تیسرے راؤنڈ میں سیپی کو پچھاڑ کر کوارٖٹر فائنل میں جگہ بنالی، واورینکا بغیر کھیلے اس مرحلے تک پہنچ گئے۔

ان کا سامنا رائونک سے ہوگا،سونگا نے فابیو فوگنینی کو مات دے کر اپنی 29 ویں سالگرہ کا جشن منالیا،  دوسری جانب ملائیشین ویمنز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ سبولکووا نے فائنل8 میں جگہ بنالی، سیکنڈ سیڈ ژانگ شوئی نے بھی انھیں جوائن کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس میں گذشتہ روز عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے اٹلی کے آندریس سیپی کو پچھاڑ کر فائنل 8 میں رسائی حاصل کرلی، ان کی جیت کا اسکور 6-1 اور 6-3 رہا۔ کلے کورٹ جادوگر کا مونٹی کارلو چیمپئن کی حیثیت سے  8 سالہ دور حکومت گذشتہ برس سربیا کے نووک جوکووک نے فائنل میں ختم کردیا تھا، حالیہ میچ کے شروع ہی سے وہ ان سیڈڈ اطالوی پلیئر پر حاوی رہے، نڈال اب تک کلے پر مسلسل 30 میچز جیت چکے اوراس فتح کے ساتھ اپنا ریکارڈ 50-2 تک پہنچا دیا ہے۔

قبل ازیں سوئس تھرڈ سیڈ اسٹینسلس واورینکا بغیر کھیلے کوارٹرفائنلز میں جا پہنچے ، تھرڈ راؤنڈ میں ان کے  حریف نکولس الماگرو انجری کے سبب میچ سے دستبردار ہوگئے۔ کوارٹر فائنل میں آسٹریلین اوپن چیمپئن واورینکا کو اب 8 سیڈ میلوس راؤنک کا چیلنج درپیش ہے، جنھوں نے اسپین کے 11 سیڈ ٹومی روبریڈو کو 6-4 اور 6-3 سے زیر کیا۔ مقامی فیورٹ اور 9 سیڈ جوولفریڈ سونگا نے فابیو فوگنینی کو 5-7 ، 6-3 اور 6-0 سے مات دے کر اپنی 29 ویں سالگرہ کا جشن منایا ۔

دیگر میچز میں اسپینش6 سیڈ ڈیوڈ فیرر نے بلغاریہ کے 12 سیڈ گریگور دیمیٹروف کو 6-4 اور 6-2 سے مات دی، سوئس سیڈ 4 راجر فیڈرر نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول پر 6-4 اور 6-1 سے برتری پاکر لاسٹ 8میں جگہ پکی کرلی۔ دوسری جانب ملائیشین ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ سلواکیہ کی ورلڈ نمبر 10 ڈومنیکا سبولکووا نے ہسیہ سووائی کو 6-1 اور 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں انھیں نمبر 6 سیڈ زرینہ ڈیاس سے مقابلہ کرنا ہوگا جنھوں نے اپنا سیکنڈ رائونڈ میچ گذشتہ بدھ جیتا تھا۔ دریں اثنا سیکنڈ سیڈ چین کی ژانگ شوئی نے دوسرے سیٹ میں ناکامی کے بعد ہانگ کانگ کی ژانگ انگ پر 6-3 ، 4-6 اور 6-0 سے قابو پالیا۔ جمعے کے کوارٹر فائنل میں وہ پولینڈ کی میگدا لینٹی کے مقابل ہوں گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔