دور دراز علاقوں سے اہل کرکٹرز کا انتخاب کروں گا، باسط

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 18 اپريل 2014
سندھ اور بلوچستان سے ہونہار پلیئرز سامنے لانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کرلی۔
فوٹو: ایکسپریس/فائل

سندھ اور بلوچستان سے ہونہار پلیئرز سامنے لانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کرلی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: سندھ اور بلوچستان میں کرکٹ کے لیے پی سی بی کے کوآرڈینیٹر باسط علی نے کہا ہے کہ دونوں صوبوں میں ہونہار، با صلاحیت اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو سامنے لانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کرلی گئی۔

ذاتی طور پردور دراز علاقوں میں جاکر اہل کرکٹرز کا انتخاب کروںگا،کیمپ میں ان کی خصوصی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ بیٹسمین نے کہا کہ آئندہ ماہ نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے اس تربیتی کیمپ کے لیے سندھ اور بلوچستان سے24،24 کرکٹرز کو منتخب کیا جائے گا، بورڈ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے تحت ہارون رشید کی زیر نگرانی اس کیمپ کے لیے انتخاب میرٹ پر ہوگا، صرف اہل کرکٹرز ہی اس کا حصہ بنیں گے، اس حوالے سے وہ جلد ہی دونوں صوبوں کا دورہ کریں گے ۔ باسط علی نے کہا کہ ایک ماہ کے کیمپ کیلیے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور فیلڈنگ اولین ترجیح ہوگی۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ذمہ د اری تفویض کرتے ہوئے مجھے مکمل اختیارات دیے ہیں، اس ضمن میں مطلوبہ فنڈز بھی جاری کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں سندھ اور بلوچستان کے چپہ چپہ میں جا کر کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے لائوں گا، ابتدا میں گراس روٹ پر کام کا آغاز کرتے ہوئے تعلیمی اداروں پر توجہ دی جائے گی، اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ بھی شروع کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر فرائض درست طریقہ سے انجام دینے میں رکاوٹ محسوس کی تو بلا تامل ذمہ داری سے سبکدوش ہو جائوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔