کالعدم تنظیم کا ٹارگٹ کلر اور اجرتی قاتلوں کا گروہ گرفتار، پولیس مقابلے میں اہلکار زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 18 اپريل 2014
گذری سے ٹارگٹ کلر کلیم اور نیوکراچی سے بھتہ خور اقبال اکو پکڑا گیا، چھاپوں میں 106 ملزم گرفتار،اسلحہ منشیات برآمد۔ فوٹو: فائل

گذری سے ٹارگٹ کلر کلیم اور نیوکراچی سے بھتہ خور اقبال اکو پکڑا گیا، چھاپوں میں 106 ملزم گرفتار،اسلحہ منشیات برآمد۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں اور مقابلے کے بعد کالعدم سپاہ محمد کے ٹارگٹ کلر اور خاتون سمیت 4 اجرتی قاتلوں کے گروہ سمیت 17ملزم گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

پولیس مقابلے میں ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گیا، تفصیلات کے مطابق نیوکراچی پولیس نے سیکٹر الیون کے صنوبر کاٹیج کے قریب مقابلے کے بعد ملزم سید رضا زیدی عرف زین کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزم کے2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل 30 سالہ خالد جمیل زخمی ہواہے ایس ایچ او نیو کراچی چوہدری افضل کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم سپاہ محمد سے ہے، ملزم نے 10افراد کو قتل کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزم نے سرپرستوں کے نام بتائے ہیں جبکہ اس کے قبضے سے ایک اہم شخصیات کے ناموں پر مشتمل فہرست بھی ملی ہے ،کلفٹن پولیس نے اپر گذری سے ٹارگٹ کلر کلیم الدین کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا ہے۔

ایس پی عبادت نثار کے مطابق ملزم کلیم اﷲ کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے ملزم نے مخالف گروپ کے4کارکنوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے، پاک کالونی پولیس نے چمن سینما کے قریب سے اجرتی قاتل کے4 رکنی گروہ کے ارکان شہزاد ، اورنگزیب ، ندیم اور اسکی اہلیہ گل ناز بی بی کو گرفتار کرلیا ، ایس ایچ او پاک کالونی منیر چانڈیو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش جوہر آباد ، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں رقوم لیکر 3 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان ایئر پورٹ سے آنے والے افراد کو لوٹتے تھے، اجمیر نگری پولیس نے 2 ملزمان طاہر اور قادر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلییں ہیں، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے قیوم آباد کے قریب سے 3 ملزمان ، محمد شہزاد، عمران اور احسان الحق کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول برآمد کر لیے۔

نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان کاشف،آصف اور بھتہ خور اقبال عرف اکو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی،اتحاد ٹائون پولیس نے ملزم لیاقت عر ف کانا کو گرفتار کیا ، سائٹ بی پولیس لوٹ مار کرنے والے2 ملزمان اسلم اور سجاد کو گرفتار کیا ہے، کراچی پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 106چھاپہ مار کارروائیوں اور 4 مقابلوں کے دوران107ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 29 پستول ،3دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہے گرفتار ملزمان میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت2 ملزمان ،2 اغوا کار، 13 ڈکیت اور23 مفرور و اشتہاری ملزم شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔