جناح، این آئی سی ایچ اور کارڈیو اسپتال قومی اثاثہ ہیں، کمشنر کراچی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 19 اپريل 2014
تجاوزات، ٹھیلوں، پتھاروں، رکشوں اور ٹیکسیوں کے اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے۔ 
فوٹو: فائل

تجاوزات، ٹھیلوں، پتھاروں، رکشوں اور ٹیکسیوں کے اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے۔ فوٹو: فائل

کراچی: کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ جناح، این آئی سی ایچ اور کارڈیو ویسکولراسپتال قومی اثاثہ ہیں جن سے ملک بھر کے مریض مستفید ہوتے ہیں۔

حکومتی پالیسی کے تحت متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان اسپتالوں کے گرد ماحول کو بہتر اور مریضوں کیلیے باسہولت بنایا جائیگا تاکہ نہ صرف کراچی بلکہ صوبے اور پورے ملک سے یہاں آنے والے مریضوں، تیمارداروں اور عیادت کر نے والوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کر نا پڑے، ان کیلیے آسانیاں پیدا کی جا ئیں گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جناح اسپتال، این آئی سی ایچ (بچوں کا اسپتال) اور کارڈیو ویسکولر (دل کا اسپتال) سے ملحقہ علاقوں میں قائم انکروچمنٹ، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر مسائل کا جائزہ لینے کی غرض سے اپنے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر مصطفی جمال قاضی، روبینہ آصف و دیگر بھی موجود تھے۔

کمشنر کراچی نے دورے کے بعد جناح اسپتال کی انتظامیہ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی اور شکایت کا جائزہ لیا، کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ جناح، کارڈیواور این آئی سی ایچ کے گرد قائم تمام ناجائز تجاوزات، ٹھیلوں، پتھاروں، رکشاؤں اور ٹیکسیوں کے اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے جبکہ ٹریفک کی روانی اور مریضوں کی سہولت کیلیے اسپتالوں کے نزدیک کھڑی ٹیکسیوں اور رکشاؤں کو کشادہ سڑک پر قطار میں کھڑا کیے جانے کے اقدامات کیے جائیں، کمشنر کراچی نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے مسئلے کوڈسٹرکٹ ساؤتھ کے رین ایمرجنسی پلان میں شامل کیا جائے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔