اورنگی ٹاؤن، پانی کی عدم فراہمی پرمکینوں کا واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 19 اپريل 2014
رہائشی آبادیوں کا پانی بند کرکے مصنوعی قلت پیدا کردی گئی جبکہ ہائیڈرنٹ کو بلا تعطل فراہمی جاری ہے، مظاہرین
۔فوٹو:فائل

رہائشی آبادیوں کا پانی بند کرکے مصنوعی قلت پیدا کردی گئی جبکہ ہائیڈرنٹ کو بلا تعطل فراہمی جاری ہے، مظاہرین ۔فوٹو:فائل

کراچی: اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل مکینوں نے واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا۔

مظاہرین نے واٹر بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سڑک بلاک کر کے ٹائر نذر آتش کیے ، ہنگامہ آرائی کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا، تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے میٹروول اور اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل افراد نے مین شارع اورنگی پر واقع میونسپل کارپوریشن ضلع غربی کے احاطے میں قائم واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، مشتعل مظاہرین نے شارع اورنگی پر دھرنہ دے کر اسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور ٹائر جلائے ، نامعلوم شرپسندوں نے گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے متعددگاڑیوں کے شیشے توڑ دیے ۔

مین شارع اورنگی پر ہنگامہ آرائی کے باعث اورنگی ٹاؤن اور اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کے افسران اور ملازمین جن علاقوں میں با اثر افراد رہائش پذیر ہیں ان علاقوں میں بلاتعطل پانی کی فراہمی جاری رکھنے کے ساتھ رہائشی آبادیوں کا پانی اورنگی ٹاؤن سیکٹر10اردوچوک کے قریب واقع برف کے کارخانوں کو سپلائی کررہے ہیں اور اس کے بدلے مبینہ طور پر ماہانہ لاکھوں روپے رشوت وصول کررہے ہیں ، واٹر بورڈ کے افسران نے رہائشی آبادیوں کا پانی بند کرکے مصنوعی قلت پیدا کردی جبکہ ہائیڈرنٹ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے جہاں سے ٹینکر مافیا رہائشی علاقوں میں منہ مانگے داموں پانی کے ٹینکر فروخت کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔