کارکنان کے قتل پرمتحدہ خاموش نہیں بیٹھے گی،فیصل سبزواری

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 19 اپريل 2014
بدقسمتی سے ہمیں کسی بھی عدالت سے انصاف نہیں مل رہاہے،اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی۔   فوٹو: فائل

بدقسمتی سے ہمیں کسی بھی عدالت سے انصاف نہیں مل رہاہے،اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کارکنان کے قتل پر ایم کیو ایم خاموش نہیں بیٹھے گی ۔

حکومت کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے معاملے پر راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے، سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع کرنے کے فوری بعد ملتوی کردینا پیپلز پارٹی کی مفاہمت کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے ، بدقسمتی سے ہمیں عدالتوں سے بھی انصاف نہیں مل رہا ہے، وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد  پریس کانفرنس کر رہے تھے، اس موقع پر سید سردار احمد ، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے ، فیصل سبزواری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین پارلیمانی اجلاس میں یہ طے پایا تھا کہ اجلاس شروع ہونے کے فوری بعد کسی بھی جانب سے کورم کی کوئی بھی نشاندہی نہیں کی جائے گی ۔

مزید2کارکنا ن کوقانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیااور ان کی لاشیں قیوم آباد سے ملی ہیں جن میں آزاد کشمیر سے13 مارچ کو گرفتار کیے جانے والے محمد علی اور28  دسمبر کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار محمد قاسم شامل ہیں،ملک بھر میں تحفظ پاکستان آرڈیننس کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنان کو گرفتار کرکے ان کی ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، حکومت کو ہمارے کارکنان کے لاپتہ ہونے اور ان کے قتل عام کا جواب دینا پڑے گا،پی پی او کے خلاف عدالتوں میں بھی جائیں گے، سندھ میں پی پی او کے تحت عدالتیں بنائی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔