ایکنک کا اجلاس میں 62 ارب کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 19 اپريل 2014
آزادکشمیرمیں سیلاب سے متاثرہ277 اسکولوں کی تعمیرنو، بلوچستان میں متاثرین زلزلہ کی بحالی بھی شامل۔ ۔فوٹو:آئی این پی

آزادکشمیرمیں سیلاب سے متاثرہ277 اسکولوں کی تعمیرنو، بلوچستان میں متاثرین زلزلہ کی بحالی بھی شامل۔ ۔فوٹو:آئی این پی

اسلام آ باد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی نے سماجی شعبے کی ترقی کے 62ارب روپے لاگت کے12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔

گزشتہ روزوفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت اجلاس میں بنیادی تعلیم کے کمیونٹی اسکولوں کے قیام اورآپریشن کے منصوبہ کی 4ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت کے ساتھ منظوری دیدی ہے اوراس منصوبہ کے تحت ملک بھر میں کمیونٹی سکول قائم کئے جائیں گے اوروزارت تعلیم، تربیت و اعلیٰ تعلیمی معیارات یہ منصوبہ 36 ماہ میں مکمل کریگی۔ ایکنک نے آزادجموںوکشمیرکے دس اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ 277 اسکولوں کی عمارات کی تعمیرنواوربحالی کے منصوبہ کی بھی منظوری دی ،اس پر3 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائدکی لاگت آئیگی،اس موقع پروزیرخزانہ نے سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی تعمیرنواوربحالی کاکام بروقت مکمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ تعلیم تک رسائی بڑھاناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ایکنک نے وزارت پانی و بجلی کے 8 منصوبوں کاجائزہ لینے کے بعدان کی منظوری دے دی۔

ان میں آئیسکوکے 2 ارب 6 کروڑ 16 لاکھ روپے، فیسکوکے ایک ارب 83 کروڑ 34 لاکھ روپے، حیسکوایک ارب 29 کروڑ 19 لاکھ روپے، گیپکوایک ارب 83 لاکھ روپے، میپکو3 ارب 67 کروڑ 87 لاکھ روپے، لیسکو4 ارب 80 کروڑ 82 لاکھ روپے، کیسکوایک ارب 18 کروڑ 35 لاکھ روپے اورپیسکوکے 2 ارب 74 کروڑ 97 لاکھ روپے سے زائدمالیت کے منصوبے شامل ہیں۔ ایکنک نے بلوچستان کے اضلاع آواران اورکیچ کے زلزلہ متاثرین کے لئے کم لاگت مکانوں کی تعمیرکے منصوبے کی منظوری دی۔اس منصوبہ پر4 ارب روپے لاگت آئے گی۔ حکومت پاکستان اس لاگت کا50 فیصدامدادجبکہ 50 فیصد حکومت بلوچستان فراہم کرے گی۔ایکنک نے سندھ میں 30 ارب 35 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے پانی کے شعبہ کی بہتری کے منصوبہ کے پہلے مرحلے کی بھی منظوری دی۔ایکنک کوبتایاگیاکہ پاکستانی روپے کی قدرمیں استحکام اورمنصوبے کومعقول بنانے کی وجہ سے اس کی لاگت میں77.54 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاہے کہ نجکاری کے سارے عمل میں ہرمرحلے کوکھلااورشفاف رکھاجائے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔