برازیل میں ورلڈ کپ ٹکٹ کی فروخت کے مراکز کھل گئے

اے ایف پی  اتوار 20 اپريل 2014
ٹکٹ فروخت مراکز 12 میزبان شہروں میں سے10 میں کھولے گئے ہیں، فوٹو: فائل

ٹکٹ فروخت مراکز 12 میزبان شہروں میں سے10 میں کھولے گئے ہیں، فوٹو: فائل

ریوڈی جنیرو: برازیل میں ورلڈ کپ ٹکٹوں کی فروخت کے مراکز کھل گئے، جہاں پر شائقین فٹبال کو 12جون سے 13 جولائی تک شیڈول میگا ایونٹ کی ٹکٹ دستیاب ہوں گی۔

ابتدائی طور پر یہ ٹکٹ فروخت مراکز 12 میزبان شہروں میں سے10 میں کھولے گئے ہیں، شائقین دارالحکومت برازیلیا اور جنوبی شہر پورٹو الیگرے میں آئندہ ماہ سے ٹکٹ حاصل کرپائیں گے،فیفا ویب سائٹ کے مطابق2.5 بلین سے زائد یا تین چوتھائی دستیاب ٹکٹ اب تک فروخت ہوچکے ہیں، ریو ڈی جنیرو میں فائنل کے وینیو ماریکانا اسٹیڈیم کے باہر شائقین کی ٹکٹ کے حصول کیلیے قطاریں لگادیں، 67 سالہ جوآؤ بوسکو اور27 برس کے وینڈرسن بالبینو کا دعوی ہے کہ وہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سب سے پہلے اس ٹکٹ سینٹر کے باہر آکر کھڑے ہوئے تھے، بالبینو نے میڈیا کو بتایا کہ میرے پاس چار میچز کے ٹکٹس ہیں۔

جس میں دو ماریکانا پر شیڈول میچز کے ہیں، لیکن میں اپنی ہوم سائیڈ برازیل کا میچ بھی دیکھنا چاہتا ہوں اور اسی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش میں یہاں پر آیا ہوں، میں اس کیلیے دگنی قیمت بھی دینے کو تیار ہوں، انھوں نے مزید کہا کہ میں ابھی تک ورلڈ کپ میچز کے ٹکٹ خریدنے پر 3 ہزار امریکی ڈالر خرچ کرچکا ہوں، دوسری شائق فٹبال جوآؤ بوسکو نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کو تحفے میں دینے کیلیے یہاں سے دو ٹکٹ حاصل کررہا ہوں، ماریکانا پر اسپین کی ٹیم 18 جون کو چلی کا سامنا کرے گی، انھوں نے کہا کہ اس میدان پر میں والد نے برازیل اور یوروگوئے کے درمیان 1950 کا فائنل دیکھا تھا، وہ اس وقت 90 کی دہائی میں ہیں، بوسکو نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ ماریکانا میں برازیل کو ورلڈ چیمپئن بنتے ہوئے دیکھ پاؤں، لیکن ساتھ ہی انھیں یہ بھی احساس ہے کہ یہ مشکل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔