سیکیورٹی امور؛ وفاق کا سیاسی قوتوں کو پھراعتماد میں لینے کا فیصلہ

عامر خان  اتوار 20 اپريل 2014
وزیر اعظم نے قریبی وفاقی وزرا سے ملک کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے فوٹو: فائل

وزیر اعظم نے قریبی وفاقی وزرا سے ملک کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے فوٹو: فائل

کراچی: وفاق نے ملک کے موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی امور پر ایک مرتبہ پھر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی،یہ کانفرنس رواں ماہ کے آخر یا مئی کے اوائل میں منعقد ہوگی،کانفرنس کی صدارت وزیرا عظم نواز شریف کریں گے ۔

وفاق کے ایک اہم ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال ،طالبان سے جاری مذاکرات ،پاکستان کے مختلف ممالک سے ہونے والے تجارتی معاہدوں سمیت سیکیورٹی ایشوز پر وفاقی حکومت میں اعلیٰ سطح پر مشاورت کی گئی ہے اور اس مشاورتی عمل میں وزیر اعظم نے قریبی وفاقی وزرا سے ان امور پر گذشتہ دنوں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور اس مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اہم قومی ایشوز پر سیاسی قوتوں کو ایک مرتبہ پھر اعتماد میں لے گی اور اس کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا،اس کانفرنس کے حوالے سے رابطوں کے لیے وفاقی وزرا چوہدری نثارعلی خان ،اسحاق ڈار ،پرویز رشید اور عبدالقادر بلوچ کو اہم ہدایات کردی گئی ہیں،یہ وفاقی وزرا سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور ملکی ایشوز پر حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے انھیں آگاہ کریں گے ۔

جبکہ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ بلوچستان کی اہم جماعتوں سے ان ایشوز پر رابطہ کرکے ان سے مشاورت کریں گے ،مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد یہ وزرا وزیر اعظم نواز شریف کو سیاسی رابطوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کریں گے جس کے بعدوزیر اعظم آل پارٹیز کانفرنس کی حتمی تاریخ کا تعین کریں گے ،وزیر اعظم براہ راست خود آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے اہم رہنماؤں سے رابطہ کرکے انھیں اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیں گے ،یہ اے پی سی وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد کی جائے گی ،اس اے پی سی میں ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال،کراچی آپریشن ،طالبان سے جاری مذاکرات اور دیگر قومی ایشوز پر بحث کی جائے گی اور سیاسی جماعتوں کی تجاویز پر آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ،اس کانفرنس میں شرکت کے لیے چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان کے گورنرز،وزرائے اعلیٰ اور دیگر کو دعوت دی جائے گی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ سیکیورٹی ایشوز اور طالبان سے جاری مذاکرات کے حوالے سے سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس اے پی سی میں شرکت کے لیے عسکری قیادت کو بھی دعوت دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔