پشاور میں صحت کا انصاف مہم کا آخری مرحلہ، سیکیورٹی انتظامات سخت

ویب ڈیسک  اتوار 20 اپريل 2014
خیبر پختونخوا حکومت پشاور اور مضافاتی علاقوں میں مرحلہ وار ویکسی نیشن کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا حکومت پشاور اور مضافاتی علاقوں میں مرحلہ وار ویکسی نیشن کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت میں بچوں کو پولیو سمیت 9 مہلک بیماریوں سے بچانے کے لئے صحت کا انصاف مہم کا آخری مرحلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صحت کا انصاف مہم کے آخری مرحلے میں پشاور کی 97 یونین کونسلوں اور کنٹونمنٹ علاقوں کے 5 حلقوں میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سمیت 9 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ مہم کے آخری مرحلے میں رضاکاروں کی 4 ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں میں ویکسی نیشن کا عمل مکمل کررہی ہیں،

صحت کا انصاف مہم کے آخری مرحلے میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ویکسی نیشن میں مصروف ٹیموں کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود ہیں جبکہ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کرکے موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگادی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اربوں روپے لاگت کے ’’صحت کا انصاف‘‘ پروگرام کے تحت شہر بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر لاکھوں بچوں کو پولیو اور دیگر امراض سے بچاوٴ کی خوراک دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔